پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن کی نئی تاریخ رقم کی ہے :سینیٹر بہرہ مند تنگی

پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن کی نئی تاریخ رقم کی ہے :سینیٹر بہرہ مند تنگی

نوشہرہ(بیورورپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بلین ٹری منصوبے، خیبر بینک سکینڈل، پیڈو، مالم جبہ اراضی سکینڈل سمیت بی آر ٹی منصوبے میں اربوں روپے کا کمیشن وصول کرکے کرپشن کی ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے پرویز خٹک 2018 انتخابات کی تیاریاں نہ کریں بلکہ وہ جیل جانے کی تیاریاں کریں میں چیلنج سے کہہ سکتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ تاریخ کا سب سے کرپٹ شخص ٰ ہے کیونکہ انہوں نے صوبے کے وسائل بنی گالا منتقل کرنے کی کوشش کی ہے جو ہمیں کسی صورت منظور نہیں ریاستی اداروں کا آپس میں ٹکراؤ سے ادارے کمزور ہوں گے اور جب کسی ملک کے ادارے کمزور ہوں گے تو وہ ملک بھی کمزور تصور ہوگا ان خیالات کااظہارانہوں نے نوشہرہ پریس کلب میں شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کے سابق صدر محمداعجاز ایڈوکیٹ ، اشفاق ایڈوکیٹ، انور کمال ایڈوکیٹ، شارق ایڈوکیٹ، حمایت اللہ ایڈوکیٹ، صابر ایڈوکیٹ، جواد ایڈوکیٹ، فرحان ایڈوکیٹ، سید اقبال شاہ، اسد ایڈوکیٹ اپنے ساتھی وکلاء نے جمعیت علماء اسلام سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میاں مظفر شاہ ایڈوکیٹ،پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما میرحیدر خان، ضلعی صدر ملک غلام حضرت، جنرل سیکرٹری سید افتخار علی شاہ، افتخار خان ایڈوکیٹ(نوشہرہ کینٹ)، رضا سعیدبابر، سیدساجد علی شاہ شبلی، سلیم کھوکھر سمیت دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے بہرہ مند تنگی نے کہا کہ حالیہ سینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی ورکرز کی بجائے سمگلرز اور سرمایہ داروں کو سینٹ ٹکٹ دئیے گئے تھے جس سے ثابت ہوا کہ تحریک انصاف میں نظریاتی کارکنوں کی کوئی حیثیت نہیں اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی لوٹوں کو ٹکٹس جاری کئے جارہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے مجھ جیسے غریب اور ایک ادنیٰ نظریاتی کارکن کو سینٹ کا ٹکٹ دے کر کامیاب کرایا انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے عام انتخابات میں ڈیلے نہیں ہونا چاہیے کیونکہ انتخابات ڈیلے ہونے سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت کوڈیل ریل ہونے کی ہر کوشش ناکام ہوگی انہوں نے کہا کہ ملک افراتفری کی طرف نہیں بلکہ شریف خاندان افراتفری کی جانب گامزن ہے اور وہ بھی نوازشریف کی غلط سیاسی پالیسیوں کی وجہ سے ہے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے متنازعہ بیانات سے عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے اور ان سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے عدالتوں کی بجائے پارلیمنٹ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور پارلیمنٹ کو مضبوط بناناچاہیے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر