پریس کلب ملتان کی سابقہ الیکشن کمیٹی تحلیل‘ 574ارکان کی فہرست آویزاں

پریس کلب ملتان کی سابقہ الیکشن کمیٹی تحلیل‘ 574ارکان کی فہرست آویزاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سپیشل رپورٹر )پریس کلب ملتان کی جنرل کونسل کا اجلاس گزشتہ روز 16 مئی 2018ء کو پریس کلب ملتان کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں حاضری کے مطابق 370 (بقیہ نمبر32صفحہ12پر )

اراکین پریس کلب نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سینئر رکن مسیح اللہ جامپوری نے کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سینئر جرنلسٹس کی کمیٹی کی طرف سے تیار کی جانے والی پریس کلب کے ممبران کی فہرست کی منظوری دی گئی اور بعد ازاں فہرست کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دیا گیا۔ اس فہرست کے مطابق ملتان پریس کلب کے ممبران کی تعداد 574 ہے جس میں تمام قومی و علاقائی اخبارات اور نیوز چینلز کے ورکنگ جرنلسٹس شامل ہیں۔ جنرل کونسل کے اس اجلاس میں اراکین کی طرف سے حتمی منظوری کے بعد سابقہ الیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور جنرل کونسل کے ممبران کی منظوری سے 9 رکنی انتظامی و الیکشن کمیٹی نے چارج سنبھال لیا ہے جس کے چئیرمین میاں غفار احمد ہیں جبکہ اراکین میں مسیح اللہ جامپوری، ڈاکٹر امجد بخاری، مہر عزیز احمد، رانا پرویز حمید، اسد ممتاز، ملک شہادت حسین اور سعید اللہ درانی شامل ہیں۔ انتظامی و الیکشن کمیٹی کی جانب سے شفقت بھٹہ کو ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں کئے جانے والے دیگر فیصلوں میں یہ فیصلہ بھی شامل ہے کہ کوئی امیدوار کسی ایک عہدے پر مسلسل دو سال سے زائد الیکشن نہیں لڑ سکتا، اسے اس عہدے پر تیسری بار الیکشن لڑنے کے لئے تین سال کا وقفہ دینا ہو گا۔ اجلاس میں پریس کلب میں واقع آڈیٹوریم کا نام تبدیل کر کے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام کی نسبت سے جناح آڈیٹوریم رکھ دیا گیا ہے۔ تمام سابقہ عہدیداروں کو دفاتر سے بے دخل کر دیا گیا اور پریس کلب کے تمام تر انتظامی و مالی معاملات کا کنٹرول نئی انتظامیہ نے گزشتہ رات سنبھال لیا۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سابقہ عہدیدار 16 مئی کے بعد سے کوئی بنک اکاؤنٹس آپریٹ نہیں کر سکیں گے۔ اس سلسلہ میں بنکوں کو باقاعدہ لیٹر بھجوائیں جائیں گے جس کی تشہیر اخبارات میں بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پریس کلب ملتان کے انتخابات کا انعقاد عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔ اجلاس میں متفقہ رائے سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جرنلسٹ کالونی کے معاملات کو بطریق احسن حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ جن صحافیوں کی ممبر شپ سہواً رہ گئی ہے ان کے معاملات پر کمیٹی غور و خوض کرے گی۔