رمضان میں گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مصدق احمد

رمضان میں گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مصدق احمد

  



ملتان (سپیشل رپورٹر )پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی (PEPCO) کے منیجنگ ڈائریکٹر مصدق احمد خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ملک بھر کے گھریلو صارفین کو بجلی فراہم کرنا (بقیہ نمبر35صفحہ12پر )

حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ بجلی فراہمی کے لئے لوڈمینجمنٹ شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے ۔رواں سال بارشیں کم ہونے اور گلیشےئر نہ پگھلنے کی وجہ سے ڈیموں میں پانی کی آمد اور اخراج کم ہے ۔اور اس وقت بجلی کی پیداوار کا زیادہ انحصار تھرمل پاورسٹیشنز پر ہے اور زیادہ سے زیادہ پاور سٹیشنز چلاکر بجلی پیداکرکے صارفین کو دی جارہی ہے ۔سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں گھریلو صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے ملک بھر کی تمام ڈسٹری کمپنیز کو احکامات دے دئیے گئے ہیں اور بجلی فراہمی کی صورتحال کی مانیٹرنگ وزارت توانائی اور پیپکو کی سطح پر کی جارہی ہے جبکہ بجلی کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو اپنے اپنے ریجن کے علاقوں بجلی فراہمی اور شکایات کی مانیٹرنگ کی ہدایات دی گئی ہیں ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ریجن کے تمام شعبوں کے افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ داروں کو بجلی کی فراہمی اور ان کی بجلی سے متعلقہ شکایات کا ازالہ ثواب کمانے کی نیت سے کریں اور ان سے دعائیں حاصل کریں ۔کسی بھی ایمرجنسی ، بریک ڈاؤن یا شٹ ڈاؤن کی صورت میں صارفین کو فوری مطلع کریں ۔ تمام سب ڈویژنل آفیسرز اپنے علاقوں کی مساجد کے ذریعے بھی صارفین تک اطلاعات پہنچائیں اگر بجلی بندش کے شیڈول میں کوئی تبدیلی آئے تو اسے بھی صارفین تک پہنچانا آپ کا فرض ہے ۔ ایم ڈی پیپکونے کہا کہ واجبات کی وصولی پر بھرپورتوجہ دیں ۔بل وقت پر وصول ہوں گے تو ہم پاورہاؤسز کو بجلی کی ادائیگیاں کرسکیں گے اور صارفین کو بجلی فراہم کرسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن میں بجلی بندش کی معلومات صارفین تک 24گھنٹے قبل پہنچائی جائیں جبکہ فنی خرابی کی صورت میں بھی متاثرہ صارفین کو آگاہ کیاجائے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے میپکو ریجن کے تمام آپریشنل افسران کو ہدایت کی کہ وہ درست ریڈنگ اور بلنگ کریں اور ریکوری کی صورتحال کو مزید بہتربنائیں ۔صارفین کے موبائل نمبرز درست کروائے جائیں ۔ بجلی بندش اور دیگر معلومات صارفین تک پہنچائی جائیں ۔ شکایات کے ازالہ پر فوری اور بھرپور توجہ دی جائے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزارت توانائی اور پیپکو اتھارٹی کے احکامات کی روشنی میں رمضان المبارک میں سحروافطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے ، بریک ڈاؤن کی صورت میں جلد ازجلد بجلی بحالی اور دیگر شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کئے ہیں۔حکومتی ہدایات کی روشنی میں گھریلو صارفین کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ بجلی فراہمی کے لئے صنعتوں کو شام 6بجے سے صبح 5بجے تک بند کرنیکا فیصلہ کیاگیاہے ان اوقات میں بچنے والی بجلی گھریلو صارفین کو دی جائے گی ۔ اسی طرح ٹیوب ویل صارفین اور چھوٹی صنعتوں سے درخواست کی گئی ہے کہ پیک آورز اور سحروافطار کے دوران اپنی صنعتیں اور ٹیوب ویل نہ چلائیں۔ میپکو ہیڈ کوارٹر کے پاورڈسٹری بیوشن سنٹر میں ریجنل کنٹرول روم بنایاگیاہے جہاں تین شفٹوں میں افسران اور ملازمین بجلی فراہمی اور تعطل کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی فراہم کرنے، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور شکایات کے اندراج اور ازالے کے لئے ریجن کے تمام آپریشن سرکلوں میں بھی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل کنٹرول رومز کے انچارج ہوں گے ۔ صارفین بجلی کی بندش کے بارے میں معلومات اور شکایات کے ازالہ کے لئے میپکو کے ٹول فری نمبر 0800-63726اور ریجنل شکایات سنٹرکے نمبروں 061-9220317، 061-9220321پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ ریجن بھر میں آپریشنل افسران اور لائن سٹاف کی ہرگرڈاسٹیشن پر ڈیوٹیاں لگادی ہیں جیسے ہی گرڈاسٹیشن سے فیڈر ٹرپ ہو وہاں موجود لائن سٹاف ایمرجنسی بنیادوں پٹرولنگ کرے اور فوراََ بجلی بحال کرے ۔سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرکل، ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کے شکایات سنٹرز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کو اپنا نصب العین بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ریجن بھر میں اضافی ایمرجنسی ٹرالیاں تیارکروادی ہیں تاکہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں فوراََ بجلی بحال کی جاسکے ۔ اجلاس میں جنرل منیجر ٹیکنیکل محموداحمد خان، ڈائریکٹرجنرل ہیومن ریسورس محمد نعیم اللہ، چیف انجینئرز ناصررشید، خواجہ غلام یاسین، شاہد اقبال چوہدری، عبدالعزیز نیازی، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل انفارمیشن سسٹم میاں ندیم احمد، میپکو ہیڈ کوارٹر سمیت ریجن بھر کے تمام افسران نے شرکت کی ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر