شعیب میمن کے جسمانی ریمانڈ میں 25 مئی تک توسیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت کے منتظم جج نے ملیر ضلع غربی کی زمینوں پر قبضوں کے الزام میں گرفتار ملزم شعیب میمن کے جسمانی ریمانڈ میں 25 مئی تک توسیع کر دی ۔ احتساب عدالت کے منتظم جج کے روبرو نیب حکام نے ملیر اور ضلع غربی کی زمینوں پر قبضوں کے الزام میں گرفتار ملزم شعیب میمن کو پیش کیا ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں ملزم سے زمین لیس کرنے کا ریکارڈ ملا ہے ۔ ملزم سے اس معاملے پر مزید تفتیش کرنی ہے ۔ لہذا ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع کر دی جائے ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کا موقف سنتے ہوئے ملزم شعیب میمن کے جسمانی ریمانڈ میں 25 مئی تک توسیع کر دی ۔ واضح رہے کہ ملزم پر ضلع ملیر اور ضلع غربی میں سرکاری زمینوں پر قبضے کا الزام ہے ۔