غیر ملکی خاتون کے پیسے واپس دلا دیے ، OPCپنجاب کی کارگزاری
دبئی (طاہر منیر طاہر)اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب OPCنہ صرف پاکستان بلکہ غیر ملکوں کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں بھی پیش پیش ہے ۔چند روز قبل دبئی کے ایک پنگ مال میں ایک بھارتی خاتون نے ایک معروف سوشل ورکر فرزانہ منصور کو روتے ہوئے بتایا کہ ایک پاکستانی نے اُس سے ویزہ دینے کے بہانے 14 ہزار درہم کی خطیر رقم وصول کی ہے ۔ نہ تو وہ ویزہ دے رہا ہے اور نہ ہی فون اُٹھا رہا ہے بلکہ اُس نے رابطے کے تمام سلسلے منقطع کر دیے ہیں۔
بھارتی خاتون سوزن نے فرزانہ منصور سے درخواست کی کہ کسی طرحاس پاکستانی سے رابطہ کرکے اس کی رقم واپس دلادی جائے ۔ فرزانہ منصور نے اس بات کا تذکرہ اووسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے چیف کوآرڈی نیٹر برائے مڈل ایسٹ کیپٹن عاصم ملک سے کیا۔ اُنہوں نے بھارتی خاتون کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پاکستانی جس کا نام مصلحتاً شائع نہیں کیا جا رہا اس سے رابطہ کیا اور شکایت کے بارے بتایا ۔ متعلقہ پاکستانی نے بھی اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو تسلیم کیا کہ اس نے ویزہ دینے کے سلسلہ میں رقم لے رکھی ہے لیکن خود اس کے معاشی حالات اس قدر خراب ہیں کہ وہ یکمشت ساری رقم ادا نہیں کر سکتا ہے ۔
دونوں فریقین کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں متاثرہ خاتوں کو قسط وار رقم کی ادائیگی کا وعدہ کیا گیا جبکہ ابتداء میں کچھ رقم کیش ایڈوانس بھی ادا کی گئی ۔ اپنا مسئلہ حل ہونے پر بھارتی خاتون سوزن نے فرزانہ منصور ، کیپٹن عاصم ملک ، OPCاور حکومت پاکستان کا شکر ادا کیا ہے۔ سوشل ورکر فرزانہ منصور نے اس موقع پر کہا کہ OPCمڈل ایسٹ کے چیف کو آرڈی نیٹر عاصم ملک پوری دلچسپی اور دل جمعی کے ساتھ اوورسیز پاکستانیز کے لئے کام کر رہے ہیں جس پر وہ خراج تحسین کے لائق ہیں اگر وہ اسی طرح پوری دلچسپی کے ساتھ کام کرتے رہے تو اوورسیز پاکستانیز کے مسائل میں واضح کمی نظر آئے گی۔
کیپٹن عاصم ملک نے اس بات کا ارادہ کیا کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے وسیع تر مفاد کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں گے۔ اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا کے عابد قریشی بھی موجود تھے۔