مسلم لیگ ن اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے: رانا ثنا اللہ
لاہور (ڈیلی پاکستنا آن لائن) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے غیرریاستی عناصر کی بات کی ہے اورایسی باتوں کی نشاندہی کرنامحاذآرائی یا لڑائی نہیں ہے مسلم لیگ ن اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ بروقت اورشفاف الیکشن بہت ضروری ہے، مسلم لیگ ن خلائی مخلوق کو شکست دے گی، لوٹاسازی فیکٹری کاعوام کو بتانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے حالیہ بیان میں ایک ایسی نشاندہی کی جسے بھارتی میڈیا نے اچھالا، نوازشریف کی مقبولیت سے خوفزدہ لوگوں نے وہی زبان استعمال کی، نوازشریف نے تو غیرریاستی عناصر کی بات کی ہے، ایسی باتوں کی نشاندہی کرنامحاذآرائی یا لڑائی نہیں ہے مسلم لیگ ن اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ سندھ میں مظفر ٹپی جیسے بندے کو کلین چٹ مل گئی ہے اگر ان لوگوں کوکلین چٹ مل گئی ہے تواس ملک میں کرپٹ کون ہے؟۔ چیئرمین نیب کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے، چیئرمین نیب معاملات درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے نیچے وہی نائب ہیں جو ماضی میں تھے، احد چیمہ کواس بنیاد پرگرفتارکیا گیا کہ انہوں نے کہا کہ وہ ابھی پیش نہیں ہوسکتے ، انہیں جب پکڑا گیا تو عمران خان نے کہا کہ طوطا پکڑا گیا ہے۔
رانا ثنا اللہ خان نے سول سوسائٹی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سول سوسائٹی کے بینرزلگے ہیں لوگوں کوپتا ہے کہ سول سوسائٹی کہاں سے آتی ہے، پاکستان کے عوام کو ہر چیز کی خبر ہے، سول سوسائٹی والاکام بند ہونا چاہیے یہ ملک کو بدنام کرتے رہیں گے۔