منصوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کو پکڑا جارہا ہے،وزیر تحفظ ماحول

منصوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کو پکڑا جارہا ہے،وزیر تحفظ ماحول

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے کہاہے کہ سستے رمضان بازار عوام کو ریلیف دینے کیلئے لگائے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے اور مقدس مہینے میں مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر نیسیالکوٹ سے آئے ہوئے پی ٹی آئی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محمد رضوان نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے اور کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق صوبہ بھر کے تمام رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اشیائے خورونو ش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہے ہیں اور ایسے لوگ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر اسی طرح گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جا ری رہیں تو یقینی طور پر وہ تبدیلی نظر آنا شروع ہو جائیگی،جس کے لئے عوام کی بہت بڑی تعداد نے تحریک انصاف کو ووٹ دیئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف کاروائی اور نگرانی کا عمل رمضان کے بعد بھی جاری رکھا جائے گااور اس ضمن میں عوام کی جانب سے فیڈ بیک موثر کردار ادا کرے گا۔

مزید : صفحہ آخر