40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کر لیں گے: صوبائی وزیر مال پنجاب 

40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کر لیں گے: صوبائی وزیر مال پنجاب 

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہاہے کہ صوبائی حکومت 40لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف بآسانی حاصل کرلے گی جس پر 130ارب روپے خرچ ہوں گے۔یہ بات انہوں نے کسانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری مہم صوبہ بھر میں زورشور سے جاری ہے اور ضلعی سطح کے ریونیو افسران و اہلکار محکمہ خوراک کے ساتھ مل کر اس مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بارشوں، ژالہ باری اور طوفانی جھکڑوں سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور تقریباً 5فیصد فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ اب بھی گندم کی فصلیں کھلے میدانوں میں پڑی ہیں جن کو گندم کے خریداری مراکز تک جلد پہنچانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ بارشوں اور ژالہ بازی سے گندم کی فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ضلعی افسران ایک دو ہفتے تک اپنی رپورٹیں پیش کر دیں گے تاکہ کاشتکاروں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے وفدکو بتایاکہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم تحریک انصاف کی حکومت نے تمام سٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد جاری کی ہے جس سے حکومت کو اربوں روپے ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سکیم دستاویزی معیشت کو پروان چڑھانے میں بھی ممدو معاون ثابت ہوگی۔

مزید : کامرس