مسئلہ کشمیرپر دستخطی مہم ، خراب موسم کے باوجود پولینڈکے عوام کی بھرپور شرکت

مسئلہ کشمیرپر دستخطی مہم ، خراب موسم کے باوجود پولینڈکے عوام کی بھرپور شرکت

وارسا(این این آئی)کشمیر کونسل یورپ (ای یو) نے مسئلہ کشمیرپر ایک ملین دستخطی مہم کے سلسلے میں پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں جمعر ا ت کو ایک روزہ کیمپ لگایا،جہاں خراب موسم کے باوجود بڑی تعداد میں پولش باشندوں نے دستخط کرکے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی ظاہر کی ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وارسا میں ایک روزہ دستخطی مہم کے دوران چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کو تحریک کشمیر پولینڈ کے صدر سجاد علی خان اور سینئر عہدیدار محمد عدنان صفدر اور دیگر شخصیات کی معاونت حاصل تھی۔یورپ میں کشمیرکونسل ای یوکی طرف سے ایک ملین دستخطی مہم ایک عرصے سے جاری ہے، ابتک اس مہم کے دوران جس کا آغاز چند سال قبل بیلجیئم سے ہوا تھا، یورپ کے متعدد ممالک میں لوگوں سے کشمیر یوں کی حمایت میں دستخط لئے جاچکے ہیں۔ مہم کو یورپی ممالک میں متعدد مقامی این جی اوز اور سماجی کارکنوں کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضاسید جو مہم کے منتظم بھی ہیں کا کیمپ کے اختتام پرکہنا تھا مہم میں لوگوں کا ردعمل بہت سے حوصلہ افزا رہا بہت سے لوگوں نے کشمیر کے بارے میں کافی دلچسپی ظاہر کی۔ کئی ایسے تھے جو تنازعہ کشمیر کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے تھے اور کچھ ایسے تھے جو صرف جنوبی ایشیاءبشمول کشمیر کے بارے میں تھوڑا بہت آگاہ تھے۔ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایک ملین دستخط مکمل نہیں ہو جا تے، اس سے قبل یورپ میں جہاں جہاں بھی کیمپ لگائے گئے ، لوگوں نے کافی دلچسپی ظاہرکی اور ہمیں بہت پذیرائی ملی،مقبوضہ کشمیرکی مو جودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے حالیہ بھارتی انتخابات کو ایک بار پھرسختی سے رد کیا ہے۔ مظلو م کشمیری عوام کا ردعمل یہ بتاتا ہے وہ رائے شماری کے بغیر کوئی دوسرا حل نہیں چاہتے۔ طاقت کے زور پر بھارت نے بہت کوشش کی کسی طرح کشمیر ی بھارتی انتخابات کو قبول کرلیں لیکن کشمیریوں نے ان انتخابات کو ہمیشہ مسترد کیا ، وہ صرف اپنا حق خودارادیت چاہتے ہیں جس کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔ یادرہے ایک ملین دستخطی مہم کا مقصد یورپی ممالک سے دس لاکھ دستخط جمع کرکے مسئلہ کشمیراورخصوصاً مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے معاملے کو یورپی پارلیمنٹ کے اندر پیش کرناہے تاکہ اس تنازعے کو زیادہ سے زیادہ اجاگراور وہاں جاری بھارتی مظالم کو روکاجاسکے۔

مزید : علاقائی