لاہور میں پولیس نفری آبادی کے تناسب سے کئی گنا کم ، سی سی پی او لاہور

لاہور میں پولیس نفری آبادی کے تناسب سے کئی گنا کم ، سی سی پی او لاہور

لاہور(جنرل رپورٹر)سی سی پی او لاہور بی اے ناصرنے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے جرائم میں کمی کا کام محدود وسائل کے ساتھ کیا۔ بین الاقوامی فورمز پر لاہور میں کرائم ریٹ میں کمی کی تصدیق لاہور پولیس کے لئے اعزاز ہے۔ سب سے منفرد بات یہ ہے کہ اہداف کے حصول کے لئے تمام ماورائے عدالت اقدامات کی سختی سے حوصلہ شکنی کی گئی۔ وہ لاہور سے تعلق رکھنے والی مخصوص نشستوں پر منتخب خاتون ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید اور ایس ایس پی انٹرنل اکاﺅنٹبیلٹی فیصل مختار بھی موجود تھے۔ تھانوں میں پبلک ڈیلنگ میں بہتری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پولیس عملے کے رویے میں مثبت تبدیلی کے لئے مختلف اقدامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جن میں ماہرین نفسیات اور ممتاز شخصیات کے لیکچرز بھی شامل ہیں۔ لاہور میں پولیس نفری آبادی کے تناسب سے کئی گنا کم ہے۔ سوا کروڑ کی آبادی کے لئے 30 ہزار سے بھی کم نفری دستیاب ہے۔ ہمسایہ ملک کے شہر دہلی میں تقریباً اتنی ہی آبادی کے لئے 82 ہزار کی پولیس نفری موجود ہے۔

مزید : علاقائی