عمران حکومت کی نااہلی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی،ترجمان بلاول
اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ عمران سرکار کی نااہلی اور نالائقی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ڈالر اوپر جا رہا ہے جب کہ اسٹاک مارکیٹ اور روپیہ گررہے ہیں، عمران سرکار کی نااہلی اور نالائقی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے، حکومت عوام اور اپوزیشن کو وقت سے پہلے سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کررہی ہے، اسد عمر کی ناکامی کے بعد لائے گئے مشیر خزانہ بھی منظر سے غائب ہیں، حفیظ شیخ ٹیکس ایمنسٹی کا اعلان کر کے پھر چھپ گئے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ حفیظ شیخ کو لایا ہی امرا ءکو فائدہ دینے اور غریبوں کو لوٹنے کے لئے گیا۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ قوم کو بتائیں کہ ڈالر اور اشیائے ضروریہ مزید کتنی مہنگی ہوں گی، بتائیں کہ آئی ایم ایف کا کیا معاہدہ مسلط کیا گیا ہے؟، عوام کب تک حکومت کی معاشی نالائقیوں کی وجہ سے مہنگائی کا بوجھ برداشت کریں گے۔
ترجمان بلاول