ماہ صیام میں اشیاءخوردونوش کی دستیابی اولین ترجیح ہے ،کمشنر ڈیرہ

ماہ صیام میں اشیاءخوردونوش کی دستیابی اولین ترجیح ہے ،کمشنر ڈیرہ

پشاور( سٹاف رپورٹر)ماہ صیام کے تقدس کے پیش نظر اشیاءخوردونوش کی وافر اور مقرر کرد ہ نرخوں پر دستیابی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کشمیر چوک ڈیرہ میں یوٹیلیٹی سٹور پر اشیاءخوردونوش کے نرخنامے اور معیار چیک کرنے کے موقع پر کیا ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر کمشنر جاوید مروت نے کہا کہ ماہ مقدس کے دوران کسی بھی طرح کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے ضروری اشیاءکی موجودگی اور ان کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کو ہدایت کی کہ اشیاءخوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی نہ صرف شہری علاقوں میں واقع یوٹیلیٹی سٹورزپر یقینی بنائی جائے بلکہ دور دراز کے دیہاتوں میں واقع سٹورز پر بھی یہ سہولت میسر ہونی چاہیے۔ عوام الناس کو اشیاءخوردونوش کی معیاری اور مناسب نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے سے متعلق حکومتی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران رمضان سستا بازار کااہتمام ، افطار دسترخوان اور دوسری اسطرح کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔ کمشنر جاوید مروت نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ اشیاءخوردونوش کی وافر مقدار میں اور ارزاں نرخوں پر فراہمی اور ناجائز منافع خوری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ مزید براں انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث اور ماہ صیام کے تقدس کا خیال نہ رکھنے والے تاجروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور عوام کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر