محمد عامر آج کا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ خبر آ گئی

محمد عامر آج کا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ خبر آ گئی
محمد عامر آج کا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ خبر آ گئی

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کے خلاف سیریز کا چوتھا میچ کھیلنے کیلئے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کا آج دوبارہ طبی معائنہ ہو گا جس کے بعد ٹیم میں ان کی شمولیت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق محمد عامر چکن پاکس میں مبتلا ہیں جس کے باعث ورلڈ کپ میں ان کی شرکت مشکوک ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ محمد عامر چار سے پانچ روز میں صحت یاب ہو کر ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے دو روز قبل لندن میں ڈاکٹرز کو معائنہ کرایا تھا اور آج ان کا دوبارہ طبی معائنہ ہو گا۔ فالو اپ چیک اپ کے بعد محمد عامر کی طبیعت کے بارے میں درست صورتحال واضح ہوجائے گی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ کیلئے ان کی دستیابی کا فیصلہ ہوگا۔

چکن پاکس کا مرض کسی اور کھلاڑی کو لگنے کے خدشے کے پیش نظر محمد عامر کو فوری طور پر لندن میں ان کے سسرال منتقل کردیا گیا تھا۔ٹیم منیجر طلعت علی ملک کے مطابق محمد عامر کی فٹنس کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، ڈاکٹر ہی اس بارے میں حتمی رائے دے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد عامر 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل نہیں ہیں البتہ وہ ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں سکواڈ کا حصہ ہیں اور کہا گیا تھا کہ اگر انہوں نے اس سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی تو ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے لیکن بدقسمتی سے وہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا ایک بھی میچ نہیں کھیل سکے۔ پہلے میچ میں انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کے بعد وہ باﺅلنگ نہیں کروا سکے تھے۔

مزید : کھیل