سٹیٹ بینک کا نئے کرنسی نوٹوں کی بکنگ کی اصل تاریخ کا اعلان

سٹیٹ بینک کا نئے کرنسی نوٹوں کی بکنگ کی اصل تاریخ کا اعلان
سٹیٹ بینک کا نئے کرنسی نوٹوں کی بکنگ کی اصل تاریخ کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کی بکنگ کی تاریخ کا اعلان کردیا، نئے نوٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہونیوالے افراد کو  فی کس  10روپے کی 3 گڈیاں، 50 اور 100 روپے کی ایک ایک گڈی مل سکے گی، ایک شناختی کارڈ / سمارٹ کارڈ نمبر اور ایم ایس ایس بکنگ کے موقع پر ملنے والا کوڈ  دینا ہوگا جبکہ ایک موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

17 مئی جمعہ کو سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق  عوام کے لیے نوٹ بکنگ 19 مئی سے شروع ہوجائے گی تاہم نوٹوں کی فراہمی کمرشل بینکوں کی نامزد ای برانچز سے نئے نوٹوں کا اجرا 20مئی 2019 سے 31مئی 2019 تک جاری رہے گا، نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کیلئے ایک ایس ایم ایس پر چارجز ڈیڑھ روپے ہیں، ٹیکسز علاوہ ہیں۔  اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہشمند فرد کو شارٹ کوڈ 8877پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا، جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ نمبر  لکھنا ہوگا اور ساتھ ہی نزدیکی ای برانچ کا کوڈ لکھنا ہوگا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مختلف برانچوں کے ای کوڈ اور موجودہ کوڈ میں فرق ہے ، ای کوڈ کی فہرست سٹیٹ بینک کی ویب سائٹ، دیگر کمرشل بینکوں کی ویب سائٹس اور بینکوں کے باہر بھی لگائی جائے گی ۔ایس ایم ایس بھیجنے والے فرد کو ایک جوابی ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتہ اور ریڈیمشن کوڈ کے موثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی، کوڈ زیادہ سے زیادہ دو یوم (ورکنگ ڈیز)کیلئے موثر ہوگا، صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ / اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔

سٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے کے مطابق نئے نوٹ ملک بھر کے مختلف بینکوں کی 142 شہروں کی 1700شاخوں سے دستیاب ہوں گے، اس کے علاوہ مرکزی بینک کی بی ایس سی کے 16فیلڈ دفاتر سے بھی شہری نئے کرنسی نوٹ حاصل کرسکیں گے۔ عوام کو معلومات / شکایات کی صورت میں مدد دینے کیلئے ایس بی پی بی ایس سی نے ایک ہیلپ ڈیسک 111008877 قائم کی ہے جس سے نیشن وائڈ ڈائلنگ کوڈ کے ذریعے رابطہ اس طرح ممکن ہے، پنجاب کیلئے 042 کوڈ، سندھ اور بلوچستان کیلئے 021 کوڈ اور خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کیلئے 051 کوڈ، ہیلپ ڈیسک کی سہولت صرف دفتری اوقات میں میسر ہوگی۔

مزید :

بزنس -