پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھے ون ڈے میچ کا ناقابل یقین نتیجہ آگیا

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھے ون ڈے میچ کا ناقابل یقین نتیجہ آگیا
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھے ون ڈے میچ کا ناقابل یقین نتیجہ آگیا

  

نوٹنگھم (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں  بھی انگلینڈ نے میدان مارلیا۔ میزبان ٹیم نے پاکستان ٹیم کی جانب سے دیا جانے والا ہدف آخری  اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ میزبان انگلینڈ کو چوتھے میچ میں فتح کے بعد 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں 3صفر کی یقینی فتح حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 341 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ اوپنر جیسن رائے نے 89 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بنائے جبکہ دوسرے اوپنر جیمز ونس 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوئے روٹ نے 36 رنز بنائے اور عماد وسیم کا نشانہ بن گئے جبکہ جو ڈینلی اپنی ٹیم کے سکور میں صرف 17 رنز کا ہی اضافہ کرپائے۔ میزبان ٹیم کے کپتان جوس بٹلر اور معین علی کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹے جبکہ ٹام کرم 31 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آﺅٹ ہوئے تو میچ سنسنی خیز ہوگیا۔ بین سٹوکس نے آخری لمحات میں انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے 71 رنز بنائے

پاکستان کی جانب سے سپنر عماد وسیم اور سپیڈ سٹار محمد حسنین نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جنید خان، حسن علی اور شعیب ملک کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں میزبان ٹیم انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو شاہینوں نے میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 341 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے۔ میچ کے آغاز میں اوپنر امام الحق صرف 6رنز بنا کر ہی ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تاہم ان کی جگہ پر بیٹنگ کیلئے آنے والے بابر اعظم نے بھرپور لاٹھی چارج کرتے ہوئے 115 رنز کی اننگ کھیلی۔ دوسرے اوپنر فخر زمان نے 50 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے کم بیک کرنے والے محمد حفیظ نے 59 رنز کی باری کھیل کر اپنا وجود منوایا۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 41 ، آصف علی نے 17 ، عماد وسیم نے 12 رنز سکور کیے جبکہ کپتان سرفراز احمد 21 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

مزید : کھیل /Breaking News /اہم خبریں