وزیر مملکت برائے ریونیو حماداظہر نے غریب طبقے کو خوشخبری سنا دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت برائے ریونیوحماد اظہر نے کہاہے کہ غریب طبقے کو بجلی اور گیس کے بلوں میں تحفظ دیں گے،آئی ایم ایف کی طرف سے ڈالر کی قیمت کیلئے کوئی ہدایت نہیں دی گئی ۔
جیونیوز کے پروگرام ”نیاپاکستان“میں گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہرنے کہا پوری دنیا میں بے نامی اکاﺅنٹس سے متعلق اس طرح کی سکیمیں دی جاتی ہیں، دوسرا آپشن یہ تھا کہ بے نامی اکاﺅنٹس والوں کو ایک موقع دیا جاتا اور یہ رقم معیشت میں آتی ، دو آپشن تھے کہ یا تو بے نامی اکاونٹس والوں کیخلاف کارروائی کرکے گرفتار کرتے ،جولائی سے مارچ تک زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یومیہ 12 ارب روپے کرپشن کے اعدادوشمار نیب کے ہیں،زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانا چاہتے ہیں،
ہماری ایمنسٹی سکیم پچھلی سکیموں سے مختلف ہے،لوٹے ہوئے پیسے کے لئے موقع نہیں دے رہے ہیں،لوگوں کو موقع دے رہے ہیں تاکہ وہ بعد میں شکایت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ
ایمنسٹی سکیم بے نا می اکاو نٹس کی وجہ سے لارہے ہیں،ایمنسٹی سکیم پیسے کمانے کے لئے نہیں لارہے ہیں،عارضی طورپرتالیاں بجوانے کیلئے معیشت سے متعلق فیصلے نہیں کریں گے،غریب طبقے کو بجلی اور گیس کے بلوں میں تحفظ دیں گے۔
ان کاکہناتھا کہ آئی ایم ایف نے ڈالرکی قیمت کے لئے کوئی ہدف نہیں دیا،آئی ایم ایف کی شرائط نہیں ہوتیں ،صرف ٹارگٹ ہوتے ہیں،کابینہ کےاجلاس میں روپے کی قدرمیں کمی پرکوئی بات نہیں ہوئی،آئی ایم ایف کی طرف سے ڈالر کی قیمت کیلئے کوئی ہدایت نہیں دی گئی ۔