سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 2840 نئے کیسز رپورٹ ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کتنی اموات ہوئیں؟

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 2840 نئے کیسز رپورٹ ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ...
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 2840 نئے کیسز رپورٹ ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کتنی اموات ہوئیں؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 2840 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں. 

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 51 ہزار 980  ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے دس مریض جاں بحق ہوئے ہیں. 

 سعودی وزارت صحت  کے مطابق کورونا وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد  302 ہو گئی ہے،کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد  23 ہزار 666  ہے۔یادرہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی لاک ڈائون جاری ہے جس کی وجہ سے کئی پاکستانی بھی وہاں پھنس کر رہ گئے تاہم گزشتہ شام ایک خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لے کر وطن آگئی، پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 8732 ، 250 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی کے لئے روانہ ہوگئی، یہ کورونا کے سبب فضائی بندش کے بعد جدہ سے کراچی کے لئے پہلی پرواز تھی.

قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نےجدہ ائیر پورٹ پر مسافروں کو رخصت کیا۔

مسافروں نے قونصلیٹ اور حکومت پاکستان کا کراچی کے لئے فلائٹ کا انتظام کرنے پر شکریہ ادا کیا کیوں کہ اس کی بہت زیادہ مانگ تھی، مسافروں نے پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی تعریف کی.قونصل جنرل خالد مجید نے اس موقع پر بتایا کہ اس وقت تک پی آئی اے کی چار خصوصی پروازوں کے ذریعے تقریبا ایک ہزار کے قریب پاکستانیوں کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچایا جا چکا ہے.

اگلے چند روز میں مزید پروازیں بھی متوقع ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جتنے پاکستانی ممکن ہوں، انکو عید سے پہلے وطن پہنچا دیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں.

ادھر رمضان کا آخری عشرہ چل رہا ہے اور عید کی تیاریاں بھی جاری ہیں، زیادہ تر پردیسی اپنے اہلخانہ کیساتھ عید کے دن گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں، ایسے میں  پاکستان کی وفاقی حکومت نے جمعۃ الوداع کے ساتھ عید کی 6 چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا۔ وفاقی حکومت نے جمعۃ الوداع کو سرکاری چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ عیدالفطر کے لیے تین سرکاری چھٹیاں دی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے جمعۃ الوداع اور ہفتہ و اتوار کی چھٹی کے ساتھ عید کی کل 6 چھٹیاں ہوں گی اور وفاقی سرکاری دفاتر 22 مئی سے 27 مئی تک بند رہیں گے۔دوسری طرف وفاقی حکومت نے صوبوں کو ملک بھر میں جمعتہ الوداع اور نمازِ عید کے اجتماعات محدود کرنے کی تجویز ارسال کردی ساتھ ہی عیدالفطر پر 7 روزہ تعطیلات کی تجویز بھی دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کو تجاویز ارسال کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں جمعتہ الوداع کے اجتماعات محدود رکھے جائیں اور ہرمسجد میں الگ الگ اوقات میں چھوٹے چھوٹے اجتماعات کیے جائیں جب کہ وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر 7 روز کی تعطیلات کی بھی تجویز دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات کے حوالے سے بھی صوبائی حکومتوں کی مشاورت جاری ہے، سندھ حکومت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں تجاویز پر اپنی آراء سے آگاہ کرے گی۔