رانا ثنا اللہ کی منجمداکاؤنٹس کھلوانے کیلئے درخواست دائر
لاہور(نامہ نگار)مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے اپنے قومی اسمبلی کے سیلری اکاؤنٹ سمیت دیگر منجمداکاؤنٹس کھلوانے کے لئے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے،انسداد منشیات کی خصوی عدالت کے جج شاکر حسن رانا ثنا اللہ کی درخواست پر سماعت کریں گے،درخواست میں بینک اکاؤنٹس اوپن کرنے کی فوری استدعا کی گئی ہے،رانا ثنا ء اللہ کی جانب سے بینک اکاؤنٹس کھلوانے کے لئے اپنے وکیل فرہادعلی شاہ کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اے این ایف حکام نے منشیات کیس میں مقدمہ درج کرنے کے بعدچار مختلف بینک اکاونٹس منجمد کررکھے ہیں جس میں قومی اسمبلی کا سیلری اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔، رانا ثنا ء اللہ کے مطابق بینک اکاونٹس منجمد ہونے سے روزمرہ زندگی مشکلات کا شکار ہے،بینک اکاؤنٹس کھولنے کا کا حکم دیا جائے،رانا ثناء اللہ کو 2 جولائی 2019 ء کو اے این ایف حکام نے 15 کلو منشیات کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔