عید الفطر پر شہدائے پولیس کی فیملی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان

  عید الفطر پر شہدائے پولیس کی فیملی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہداء محکمے کاقابل فخر سرمایہ اورپوری قوم کے ہیروز ہیں جن کے اہل خانہ کی بہتر ین ویلفیئر اور سرپرستی محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عید الفطر پر محکمے کی جانب سے اپنے بہادر شہداء کی فیملیز کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے جسے تمام ضلعی افسران یا انکے متعین کردہ سینئر افسر خود شہداء کے گھروں میں جا کر انکے فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بہادر سپوتوں نے شہادت کے رتبے پر فائز ہوکر ادارے کی عزت و وقار میں اضافہ کیا ہے۔اس لئے خوشی و غمی کے ہر موقع پر محکمہ اپنے ہیروز کو نہ صرف یاد رکھتا ہے بلکہ انکی لازوال قربانیوں کے شایان شان انہیں خراج تحسین پیش کرنے کی روایت کو بھی ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے تمام ریجنل و ضلعی افسران سمیت یونٹ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ بیس مئی تک تمام شہداء کے گھروں میں نہ صرف عید گفٹس اور راشن پیکج کا سامان پہنچادیا جائے بلکہ عید الفطر پر آرپی اوز اور ڈ ی پی اوز خود شہداء کے گھروں میں جاکر ان کے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی فیملیز کے ساتھ اظہار یک جہتی بھی کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے ایک مراسلے کے ذریعے سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز سمیت دیگر افسران کو جاری کی ہیں، مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام شہداء کے گھروں میں راشن اور عید گفٹس کی ترسیل کا کام جلد از جلد مکمل کرکے تعمیلی رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں اور اگر اس سلسلے میں فنڈزیا وسائل کے حوالے سے کوئی مدد درکار ہے تو فورا سنٹرل پولیس آفس میں ویلفیئر برانچ سے رابطہ کرکے اس کام کو جلد از جلد سر انجام دیا جائے۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال صدیقی کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے میں تاکید کی گئی ہے کہ تمام اضلاع میں ضلعی سربراہان خود شہداء کے گھروں میں جا کر انہیں عید گفٹس مہیا کریں یا کم از کم ڈی ایس پی لیول کا افسر یہ کام سر انجام دے۔ عید گفٹ میں فی کس فیملی 5000 ہزار نقد کیش کے علاوہ راشن بیگ کا سامان شامل ہے جسے شہید کے اہل خانہ کی ضروریات کے پیش نظر خصوصی طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔تمام اضلاع اپنے فنڈز میں سے شہداء کی فیملیز کو عیدی اورراشن کا سامان فراہم کریں گے تاہم وسائل کی کمی پر سنٹرل پولیس آفس سے بھی تعاون حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -