حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق،جدوجہد آزادی کسی طور دہشتگردی نہیں:پاکستان

حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق،جدوجہد آزادی کسی طور دہشتگردی نہیں:پاکستان

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ استصواب رائے کیلئے کشمیریوں کی قانونی و جائز جدوجہد کو دہشت گردی کے طورپر بیان کرنے کی بھارتی شرانگیزی اور فتنہ پردازی کامیاب نہیں ہوگی، عالمی برادری کوصورتحال کی نزا کت سمجھتے ہوئے بھارت پر زوردینا ہوگا کہ وہ علاقائی امن واستحکام کے مفاد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق،ترجما ن دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ ہم بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہیں جس میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے دھمکیاں دی گئیں تھیں۔ یہ ہتھکنڈے مایوسی کے عالم میں ان بھارتی کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد دنیا کی توجہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں سے ہٹانا ہے۔ ترجمان نے کہا بھا ر ت کو کشمیریوں کی مقامی مزاحمت کا سامنا ہے جو کشمیریوں پربھارت کے بدترین جبرواستبداد اورڈھائے جانیوالے مظالم کا براہ راست نتیجہ ہے۔ استصواب رائے کیلئے کشمیریوں کی قانونی وجائز جدوجہد کو دہشت گردی کے طورپر بیان کرنے کی بھارتی شرانگیزی اور فتنہ پردازی کا میاب نہیں ہوگی۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے توجہ ہٹانے، حقائق کو چھپانے، توڑنے مروڑنے اور جنگی جنون کی مسلسل کوششیں جنوبی ایشیاکے امن وسلامتی کیلئے خطرناک ہیں۔ عالمی برادری کوصورتحال کی نزاکت سمجھتے ہوئے بھارت پر زوردینا ہوگا کہ وہ علاقائی امن واستحکام کے مفاد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

پاکستان

مزید :

صفحہ اول -