کورونا بدستور موجود،عوام کو احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا:عثمان بزدار

کورونا بدستور موجود،عوام کو احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا:عثمان ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ے کہ حکومت نے کورونا وباء کے تناظر میں کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کی ہے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ طورپر کئے گئے ہیں۔سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے۔عوام گھروں میں رہیں گے تو کوروناوائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے اور یہی وجہ ہے کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔ کورونا کے خطرات بدستورموجود ہیں سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے۔ گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں سے پھر اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم صوبے کے عوام کے تحفظ کے لئے اٹھ رہاہے۔آزمائش کی گھڑی میں ثابت قدم رہتے ہوئے چیلنجز سے نمٹیں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے سرگودھا کے علاقے میں بداخلاقی کے بعد10 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ مقتول بچے کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے اورملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزیدکارروائی کی جائے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مقتول بچے کے لواحقین سے دلی ہمدرد ی وتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو انصاف دلانا ریاست کی ذمہ داری ہے جو پوری کریں گے۔

وزیر اعلی عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -