حکومت والی بال کی ترقی کیلئے اقدامات کرے، قومی کوچ

حکومت والی بال کی ترقی کیلئے اقدامات کرے، قومی کوچ

  

اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی والی بال کوچ لائق خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں والی بال کے کھیل کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں والی بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے حکومت کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔لائق خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنا خوش آئند بات ہے، اس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوگی اور کھلاڑیوں آئندہ بھی بڑے شوق سے کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ والی بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے ساؤتھ ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

  

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب ملک میں والی بال کے فروغ کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے لائق خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان والی فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرے تاکہ کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ایونٹس میں شرکت کر کے ملک کا نام روشن کرسکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن جو آج کل نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔کورونا وائرس کی وبائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ان کو کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے، گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو سکے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -