آنے والے دنوں میں کورونا مزید تباہی کا پیش خیمہ، رحمان ملک
اسلام آباد (این این آئی)چیئر مین سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹررحمن ملک نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا مزید تباہی کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے۔ ایک بیان میں رحمن ملک نے کہاکہ عوام اپنی و دوسروں کی حفاظت کیلئے سخت اختیاطی تدابیر اختیار کریں۔ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ عوام سے اپیل ہے کہ گھروں سے نہ نکلے اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے بتائے تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مستحق و غریب مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے چارجز خود برداشت کرے، میری ہدایات پر سیکرٹری داخلہ نے متعلقہ ادارے کو غریبوں کا فری کورونا ٹیسٹ کیلئے خط لکھاہے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ سیکرٹری داخلہ کو داد دیتا ہوں کہ انھوں نے میرے ہدایات پر بروقت خط لکھا، حکومت اگر کورونا ٹیسٹ کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتی تو کورونا فنڈ تشکیل دے، فنڈ میں مخیر حضرات سے چندہ و عطیات جمع کرنے کی اپیل کی جائے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ امید ہے کہ غریبوں کے فری ٹیسٹ کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بھی بھرپور مدد کرینگی، صرف تین لاکھ سے نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے سے کورونا پھیلاؤ کا صحیح اندازہ لگے گا۔
رحمان ملک