مارکیٹ پورا ہفتہ کھولنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،عید تک اجازت دی جا سکتی ہے:میں اسلم اقبال

مارکیٹ پورا ہفتہ کھولنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،عید تک اجازت دی جا سکتی ...

  

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ناپ تول کی چیکنگ کی مہم کاآغاز کردیا ہے اور میں خود اس مہم کی نگرانی کروں گا، مہم کے دوران پٹرول پمپس اور دکانوں پر ناپ تول کے پیمانے چیک کئے جائیں گے، اگر کوئی ناپ تول میں کمی کا مرتکب پایا گیا تو اسے جیل میں ڈالیں گے اور بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس امر کا اعلان جین مندر کے قریب فروٹ مارکیٹ میں ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے فروٹ مارکیٹ میں نرخ ناموں اور ناپ تول کے پیمانوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ کسی صارف سے پیسے پورے لے کر اسے چیز کم دینا ظلم ہے اور حکومت یہ زیادتی کسی صورت نہیں ہونے دے گی۔ ناپ تول میں کمی کے مرتکب کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال ترازو فیس ختم کر دی تھی جس سے 2لاکھ چھوٹے دکان داروں کو فائدہ ہوا تھا۔ پورا ہفتہ مار کیٹں کھولنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں تاہم اگر تاجر ایس اوپیز پر عملدرآمد کرتے ہیں تو عید تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

میاں اسلم اقبال

مزید :

صفحہ آخر -