کسانوں کو فصل کا صحیح معاوضہ دیا جائے گا، وزیر زراعت پنجاب

  کسانوں کو فصل کا صحیح معاوضہ دیا جائے گا، وزیر زراعت پنجاب

  

لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ کسانوں نے آئندہ سال زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے کا اعلان کرکے حکومت کی زرعی پالیسیوں پر اعتمادکا اظہار کر دیا ہے، کسان کا برملا کہنا ہے کہ اب گندم اگانا گھاٹے کاسودا نہیں،موجودہ حکومت کے دور میں کسان کو پہلی مرتبہ اس کی اجناس کی صحیح قیمت وصول ہوئی ہے اور اس کی ادائیگی میں بھی کوئی تاخیر نہیں کی گئی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں کسان محرومیوں کا شکار رہا لیکن موجودہ حکومت ان کا ازالہ کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسانوں تنظیموں کے عہدیداروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں اور مسلم لیگ(ن) نے پنجاب میں کسانوں کو محرومیوں کا شکار کیا ،ان کی اجناس کا صحیح معاوضہ دینے کی بجائے مڈل مین کا کردار ادا کر کے اپنی مرضی کی قیمت پر خریدا ری کی گئی جس سے دونوں جماعتوں کی قیادت اور ان کے حواری تو خوشحال ہوئے لیکن کسان بیچارہ بد حال رہا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں کسانوں کو ان کی فصل کا صحیح معاوضہ دیا جائے گا تاکہ ان کا کا معیار زندگی بلند ہواور وہ مزید جذبے اور لگن سے زرعی اجناس کی کاشت کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت کسانوں کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے جس میں میرٹ اور شفافیت کو سو فیصد مد نظر رکھا جارہاہے،کسان میرے دوست ہے اور بازو ہیں اور جب تک وزیر زراعت ہوں خود کو کسانوں کیلئے وقف کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی کسان اور کسان کا بیٹا ہوں اور مجھے اس پر فخرہے ہے،موجودہ حکومت نے جتنی عزت کسان کو دی ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ہمارا کسان پاکستان ہے اور میرے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔

مزید :

کامرس -