شاپنگ مالزفوری طور پر کھولے جائیں،شاہد رشید بٹ

  شاپنگ مالزفوری طور پر کھولے جائیں،شاہد رشید بٹ

  

کراچی (این این آئی)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شاپنگ مالزفوری طور پر کھولے جائیں تاکہ ہزاروں بزنس مین اور لاکھوں ملازمین روزی کما سکیں۔ شاپنگ مالز کے علاوہ ڈیپارٹمنٹل سٹور بھی کھولے جائیں اور عید کی آمد کی وجہ سے انکے اوقات کار بڑھائے جائیں تاکہ رش کم ہو۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے پہلے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔دکانیں،مارکیٹیں، ٹعمیراتی شعبہ اور کئی دیگر شعبوں کو کھول دیا گیا ہے جو دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ ان فیصلے سے کاروباری برادری اور عوام کے مسائل میں کمی آئی ہے جبکہ شاپنگ مالز اور میگا سٹورز کو کھولنے سے حالات مزید بہتر ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ محدود کاروباری اوقات کی وجہ سے رش بڑھ رہا ہے جسے کم کرنے کے لئے کام کے وقت میں توسیع ضروری ہے۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کھولنے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا ہے جس کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک میں پچیس لاکھ سے زیادہ کمرشل گاڑیاں ہیں جن کے مالکان، ڈرائیور اور عملہ پریشان اور انکے اہل خانہ مشکل میں تھے۔

ٹرانسپورٹ کی بندش نے پٹرول پمپوں، سی این جی سٹیشنز، سروس سٹیشنز، ورکشاپس اور دوسرے درجنوں شعبوں کو نقصان پہنچایا جبکہ تیل کی کھپت کم ہونے سے آئل کمپنیوں کو اربوں روپے کا خسارہ ہوا مگر اب وزیر اعظم کے فیصلے سے صورتحال متوازن ہو جائے گی جبکہ کم از کم ایک کروڑ افراد کو ریلیف ملے گا۔

مزید :

کامرس -