سپورٹس راؤنڈ اپ
فیڈرر، نڈال اور جوکووچ بھی اعصام کے ساتھ مل گئے
راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ اور رافیل نڈال سمیت دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑیوں اور پاکستان کے دیگر ٹاپ کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نیلامی کیلئے مختلف چیزیں عطیہ کردیں۔پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کو راشن اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم کا کام کررہے ہیں۔اعصام الحق اب تک 2 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کرچکے ہیں اور مزید 10 ہزار خاندانوں میں راشن کی تقسیم کا اردہ رکھتے ہیں جس کیلئے انہوں نے ساڑھے تین کروڑ روپے فنڈز اکھٹا کرنے کا ہدف رکھا ہے۔دنیا کے ٹاپ ٹینس اسٹارز نے اعصام کے مشن میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف چیزیں عطیہ کی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا۔اعصام الحق نے بتایا کہ انہیں اب تک راجر فیڈرر 2016ء وملبڈن کی شرٹ اور 2011ء سنسناٹی ماسٹرز میں پہنے گئے جوتے، رافیل نڈال فرنچ اوپن 2018 کی شرٹ جب کہ نوواک جوکووچ 2011ء کے آسٹریلین اوپن کی شرٹ عطیہ کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انہیں اپنا ریکیٹ عطیہ کیا ہے جب کہ دیگر ٹینس پلیئرز نے بھی اپنی شرٹس عطیہ کی ہیں۔اس کے علاوہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اعصام الحق کے مشن کی سپورٹ میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے اپنا دستخط شدہ اسکواش ریکیٹ، شہباز احمد نے 1994ء ورلڈ کپ کی ہاکی، عامر خان نے اپنے باکسنگ گلووز جب کہ شعیب ملک اور سرفراز احمد نے اپنی شرٹس عطیہ اور شعیب اختر اور وسیم اکرم نے اپنی دستخط شدہ بالز عطیہ کی ہیں۔
کرونا وائرس نے جاپان کے معروف سومو ریسلر کی جان لے لی
کرونا وائرس نے جاپان کے معروف سومو ریسلر کی جان لے لی۔ کرونا وائرس کے باعث جاپان کے سومو ریسلر زندگی کی بازی ہار گئے، 28 سالہ جاپانی پہلوان شوبوشی تین ہفتے اسپتال میں زیرعلاج رہے۔سومو ریسلر شوبوشی کا کرونا ٹیسٹ 10 اپریل کو مثبت آیا تھا، وہ بین الاقوامی کھیلوں کی دنیا میں کرونا سے ہلاک ہونے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔جاپان سومو ایسوسی ایشن کی جانب سے ایتھلیٹ شوبوشی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شوبوشی کی حالت 19 اپریل کو خراب ہوگئی تھی اور ان کا علاج ٹوکیو کے ایک اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں کیا گیا تھا۔شوبوشی کو کھانسی کے باعث 8 اپریل کو یونیورسٹی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا اور 10 اپریل کو ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔جے ایس اے کے چیئرمین ہاکوکو کا کہنا ہے کہ میں سمجھ سکتا ہوں کو ایک ماہ سے بیماری سے لڑنا کتنا مشکل رہا ہوگا، لیکن پہلوان نے بہادری سے اس بیماری کا مقابلہ کیا۔شوبوشی نے 2007 میں ڈیبیو کیا تھا اور سینڈینم ڈویڑن میں نمبر 11 کی پوزیشن حاصل کی تھی، واضح رہے کہ جاپان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 16 ہزار 400 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ وائرس سے 678 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
آل پاکستان روپ سکیپنگ چمپئن شپ کے مقابلے جاری
پاکستان روپ سکیپنگ فیڈریشن کے زیراہتمام ملک میں آن لائن آل پاکستان روپ سکیپنگ چمپئن شپ کے مقابلے جاری ہیں، پاکستان روپ سکیپنگ فیڈریشن کے صدر مقبول آرائیں نے بتایاکہ چمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی انفرادی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور بیس، بیس سیکنڈ کے تین ایونٹ رکھے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں دو کیٹگریز کے مقابلے کھیلے جا رہے ہیں جن میں بوائز سنگلز اور گرلز سنگلز شامل ہیں، چمپئن شپ کے یہ مقابلے 4 مئی سے 20 مئی تک جاری رہیں گے اور 22 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا، چمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
ہاکی گول کیپر اولمپیئن منصور احمد کو ہم سے بچھڑے دوسال بیت گئے
پاکستان کے مایہ ناز ہاکی گول کیپر اولمپیئن منصور احمد کی منگل کودوسری برسی منائی گئی، انیس سو چورانوے کے ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی کا منصور احمد کو ہیرو مانا جاتا ہے۔منصور احمد12مئی 2018کو خالق حقیقی سے جاملے تھے، اس سے قبل منصور احمد کا جون 2016 میں آپریشن ہوا تھا، ان کے دل میں پیس میکر لگا یا گیا تھا، وہ عارضی طور پر صحت یاب ہوگئے تھے۔ البتہ 2018 میں ان کی صحت تیزی سے بگڑ گئی، اپریل کے اوائل میں یہ رپورٹ آئی کہ ان کے دل میں خون پمپ کرنے کی صلاحیت محض 20 فیصد رہ گئی ہے۔انہوں نے 1986 سے 2000 تک قومی ہاکی ٹیم میں بحیثیت گول کیپر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا. اپنے کیریر میں منصوراحمد نے 338 عالمی میچز کھیلے۔ وہ ماضی میں ایشیا کے نمبر ون گول کیپر بھی رہے، اولمپکس کھیلتے ہوئے انہوں نے متعدد سلور اور گولڈ میڈلز اپنے نام کئے۔
اولمپک کھیل اب دوبارہ موخر نہیں کیے جائیں گے، بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کا اعلان
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ اولمپک کھیل اب دوبارہ موخر نہیں کیے جائیں گے۔بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سینیئر اہلکار نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کو ایک مرتبہ پھر موخرکرنے کا کوئی منصوبہ زیرِ غور نہیں ہے۔ اولمپک کمیٹی کے سربراہ جان کوٹس نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ کھیل آج تک کے عظیم ترین کھیل ہوں۔انھوں نے اس موقع پر 20ویں صدی کی عالمی جنگوں کے بعد ہونے والے کھیلوں کا حوالہ دیا تاہم انھوں نے ٹوکیو گیمز کے سربراہ یوشیرو موری کی طرح کہا کہ کھیلوں کو دوبارہ ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ٹوکیو اولمپکس 23جولائی سے 8اگست 2021کو منعقد کیے جائیں گے۔ جنہیں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظرموخر کیا گیا تھا۔اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس کے سربراہ یوشیرو موری کا کہنا تھا کہ اگر ٹوکیو اولمپکس سال 2021 میں منعقد نہ ہوئے تو پھر دوبارہ کبھی منعقد نہیں ہوسکیں گے۔ٹوکیو اولمپکس کے صدر یوشیرو موری نے آئندہ سال اولمپکس کے انعقاد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہم اس وائرس کے خلاف جنگ جیت کر گیمز کا انعقاد کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ماضی کے تمام اولمپکس کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔یوشیرو موری نے کہا تھا کہ ویکسین نہ آنے کی صورت میں اولمپکس کو ایک بار پھر ملتوی نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کو منسوخ کر دیں گے۔جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر یوسی کاتے یوکو کورا کا کہنا تھا کہ ویکسین یا کسی موثر دوا کی تیاری کے بغیر اولمپکس 2021 کا انعقاد مشکل ہو گا۔ٹوکیو اولپمکس رواں سال منعقد ہونے تھے جنہیں کورونا کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
بارسلونا کے کھلاڑیوں نے2ماہ بعد دوبارہ پریکٹس شروع کردی
معروف ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کے کھلاڑیوں نے بڑے وقفے کے بعد میدانوں کا رخ کرلیا۔رپورٹس کے مطابق معروف اسپینش فٹ بال کلب بارسلونا نے دو ماہ سے زائد عرصے کے بعد پریکٹس شروع کردی ہے۔ کلب کے کھلاڑیوں کی میدان کا رخ کیا اور کھیل کی پریکٹس کی۔اس موقع پر کھلاڑیوں اور انتظامیہ کی جانب سے عالمی وبا کرونا وائرس کے تناظر میں تمام احتیاطی تدابیر بھی اپنائی گئیں۔ کھلاڑیوں نے دوران کھیل، قبل اور بعد میں ماسک اور سینیٹائزرز کا بھی استعمال کیا۔ کھلاڑیوں نے پہلی بار انفرادی طور پر ٹریننگ اور پریکٹس کی۔دو ما بعد ہونے والے اس پریکٹس سیشن میں سپر اسٹار لیونل میسی نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ بھی کیے گئے۔دوسری جانب فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے کرونا کے بعد متوقع فٹ بال سیزن کیلئے فی میچ ہر ٹیم کیلئے 5 متبادل کھلاڑیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم یہ انتظام عارضی بنیاد پر رواں سال تک ختم ہونے والے مقابلوں کیلئے ہوگا۔ اس کے علاوہ لیگز اور ٹورنامنٹس کے منتظمین چاہیں تو ویڈیو ری پلے سسٹم کا استعمال بھی فی الحال ترک کرسکتے ہیں۔
جاوید میانداد نے پاکستان کا غیر ملکی قرض اتارنے کا بیڑا اٹھا لیا
سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے پاکستان کا غیر ملکی قرض اتارنے کا بیڑا اٹھا لیا۔جاوید میانداد نے سوشل میڈیا پر بڑا اعلان کرتے ہوئے آئی ایم ایف کا قرضہ اتار کر پاکستان کا بوجھ اتارنے کا عزم ظاہر کر دیا،ان کا کہنا ہے کہ قومی بینک میں ذاتی اکانٹ کھلواں گا،ہر پاکستانی ماہانہ بنیاد پر اکانٹ میں حسب توفیق رقم جمع کرائے،بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اکانٹ میں رقم جمع کراکر اپنا کردار ادا کریں،ہر ماہ کچھ نہ کچھ رقم اکانٹ میں ڈالتے رہیں،جمع ہونے والی رقم سے ہر ماہ قرضہ اتارا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قرض اتارے بغیرپاکستان اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہوسکتا،قرضہ پاکستان پر ایک بوجھ ہے، ہر پیدا ہونے والا پاکستانی بچہ ڈھائی لاکھ روپے کا مقروض ہوتا ہے،ایسا نہ ہو کہ قرض کے سبب پاکستان سے ایٹمی پروگرام پر سودے بازی کی جائے،اگر کسی نے پاکستان سے قرضہ لیا ہے تو وہ واپس کردے،پاکستان کا قرضہ اتارنا میری زندگی کا آخری مشن ہوگا، پاکستان کا قرضہ اتار کر چھکا لگانا چاہتا ہوں۔
کرونا وائرس نے لارڈز کی صدیوں پرانی تاریخ تبدیل کردی
کرونا وائرس نے لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم کی233 سالہ پرانی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا، یہ پہلا موقع ہے گرمیوں کے موسم میں کوئی میچ نہیں ہوگا۔ کرکٹ کے گھر لارڈز کی 233 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس سیزن میں گراونڈ پر کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیلی جا رہی، اس سے قبل جنگ کے دوران بھی لارڈز میں کرکٹ نہیں رْکی تھی مگر کرونا وائرس نے لارڈز کی صدیوں پرانی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا۔لارڈز انتظامیہ نے اسٹیڈیم ویران ہونے سے 30 ملین پاؤنڈز کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ ایم سی سی کلب کو اْمید ہے کہ وہ لائف ٹائم ممبر شپ فروخت کر کے پندرہ ملین پاؤنڈز کا نقصان برابر کرسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کلب نے 300 نئی لائف ٹائم ممبر شپ دینے کا اعلان کیا تھا جس سے 15 ملین جمع ہونے کی اْمید ظاہر کی گئی ہے تاکہ گزشتہ برس شروع کیے جانے والے کمپٹن ایڈریچ اسٹینڈ کی تعمیر مکمل کی جا سکے جس پر 52 ملین پاؤنڈز لاگت آئے گی۔لارڈز میں رواں برس انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین دو ون ڈے میچز، دی ہنڈریڈ سیزن کے میچز اور فائنل جبکہ ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے میچز ہونے تھے جن کے ملتوی ہونے سے کرکٹ اور انتظامیہ کو بہت بڑا نقصان ہوا۔ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ہم گراؤنڈ کو بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جانے والے میچز کے لیے نہیں پیش کریں گے کیونکہ بند دروازوں کے پیچھے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع دینے کی تجویز تو اچھی ہے مگر اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
پہلوان دین محمدکی خدمات کو سراہنے کا فیصلہ
ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ پہلوان دین محمد کی تصویر اسپورٹس بورڈ پنجاب کی وال آف فیم میں آویزاں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب نے پہلوان دین محمدکی خدمات کو سراہنے کا فیصلہ کر لیا۔دین محمد نے1954 کے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔دین محمد پاکستان کے وہ کھلاڑی ہیں جنہیں سب سے پہلے کسی بین الاقوامی مقابلے میں ملک کے لیے طلائی تمغہ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔وزیر کھیل پنجاب کا کہنا ہے کہ قومی ہیروز کی پذیرائی کو کسی طرح نظر انداز نہیں کرسکتے،عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے لیجنڈ قومی ہیرو ہیں۔رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ دین محمدکی خدمات پر حکومت پنجاب خراج تحسین پیش کرتی ہے،اسپورٹس بورڈ پنجاب دین محمدکی ہر ممکن مدد کرے گا۔ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ پہلوان دین محمد کی تصویر اسپورٹس بورڈ پنجاب کی وال آف فیم میں آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دین محمد نے پاکستان کے لیے طلائی تمغہ 1954 میں منیلا میں ہونے والے دوسرے ایشین گیمز میں کْشتی کے مقابلے میں جیتا تھا۔