حکومت کاشکاروں کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات کررہی ہے، عامراعجازاکبر

حکومت کاشکاروں کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات کررہی ہے، عامراعجازاکبر

  

راجن پور(ڈسٹرکٹ رپورٹر، تحصیل رپورٹر، نامہ نگار)حکومت پنجاب کی ہدایات پر صوبائی سیکریٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے انسداد کورونا،ڈینگی، ٹڈی دل و مہنگائی اقدامات، لاک ڈاون کے میں نرمی کے بعد حکومتی ضوابط پر عملدرآمد اور گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کے لیے ضلع راجن پور کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی۔ا نسداد کورونا،ڈینگی،ٹڈی دل و مہنگائی اقدامات، لاک ڈاون کے میں نرمی کے بعد حکومتی ضوابط پر عملدرآمد(بقیہ نمبر8صفحہ6پر)

اور گندم خریداری مہم بارے بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقارعلی نے بتایا کہ ضلع میں کورونا کی روک تھام کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔ضلع بھرکے مصروف مقامات، مالیاتی اداروں،مساجد،سرکاری دفاتر،ہسپتالوں،پولیس اسٹیشنوں،گلی محلوں،سبزی منڈیوں اور گندم خریداری و احساس کفالت پروگرام کے امدادی رقوم کے مراکز پرجراثیم کش محلول کا ا سپرے کا عمل باقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ احساس پروگرام بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا لاک ڈاون کے متاثرین کو ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ادائیگیاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن کو بائیومیٹرک کے مسائل کی وجہ سے امداد نہیں ملی ان کا ڈیٹا نادرا سے حاصل کیاجارہا ہے جس کی روشنی میں باقی رہ جانے والے افراد کو امداد دی جائے گی۔اجلاس میں انسداد ڈینگی کے لیے اْٹھائے گئے اقدامات بارے بتایا گیا کہ پیشگی حفاظتی اقداما ت کے تحت محکمہ صحت الرٹ ہے۔ ضلع راجن پور میں ڈینگی سے بچاو اور آگہی کے لیے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں کام کررہی ہیں اور تحصیل سطح پر فوکل پرسن مقررکردیئے گئے ہیں۔ ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی طرف سے کیے گئے آپریشن کے موثر اور حوصلہ کن نتائج ملے ہیں۔ ضلع راجن پور کی تینوں تحصیلوں میں 65ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر فضائی و زمینی آپریشن کرکے کیڑے مار ادویات کا اسپرے کیا گیا ہے اورصوبہ بلوچستان و سندھ سے آنے والے ٹڈی دل کے جھنڈوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ گذشتہ دو ہفتوں سے ضلع بھر میں کہیں بھی ٹڈی دل کی موجودگی کی نشاندہی نہیں ملی ہے۔ مگر کشمور اور کچھی کینال کی طرف سے ٹڈی دل کی متوقع آمد کی وجہ سے مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انسداد ٹڈی دل آپریشن میں فیڈل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت پاکستان، محکمہ زراعت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ گندم خریداری مہم اور انسداد مہنگائی اقدامات بارے بریفینگ میں بتایا گیا کہ ضلع راجن پور نے 20لاکھ سے زائد بوری گندم خرید کرنے کا ہدف صرف ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کرلیا ہے۔ حکومت ِ پنجاب کی جانب سے 5لاکھ مزید بوری گندم خرید کرنے کا اضافی ہدف دیا گیا ہے جو کہ آئند ہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے اگ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی،میرٹ وشفافیت کو ترجیح دیتے ہوئے ضلعی افسران اچانک دورے بھی کررہے ہیں جبکہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے اب تک 1 لاکھ سے زائد بوری گندم برآمد کرکے محکمہ خوراک کے حوالے کی جا چکی ہے۔ اورضلع بھر میں 23پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے شرپسند عناصر پر بھاری جرمانے کررہے ہیں۔ یکم رمضان المبارک سے اب تک 535مارکیٹوں کو چیک کیا گیا، 2695چھاپوں کے دوران 425خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر 6لاکھ 62ہزار200روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور کسانوں کو ان کے حق کی فراہمی کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے۔گندم کی خریداری میں کاشتکار کے حقوق کا تحفظ اور استحصالی عناصر کا خاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز رحم کے مستحق نہیں ان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور اس سلسلہ میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔صوبائی سیکرٹری معدنیات نے ہدایت کی کہ ایک ٹیم کے طور پر پور مستعدی اور جانفشانی سے کام کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر انسداد کارونا، ڈینگی، ٹڈی دل و انسداد مہنگائی اور گندم ودیگر اشیائے خوردونوش کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں صوبائی سیکریٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقارعلی کے ساتھ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں امن کے قیام اور مشکل حالات میں رائے عامہ بنانے اور ہموار کرنے میں علمائکرام کا کردار ہمیشہ مثالی اور قابل تحسین رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے علمائکرام کو ساتھ لے کر حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کی مساجد اور عبادت گاہوں میں حکومتی جاری کردہ 20نکات پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور اس ضمن میں تمام علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ اپنا فعال کردار ادا کریں۔صوبائی سیکریٹری معدنیات نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں قوموں کا امتحان ہوتا ہے۔ حکومتی جاری کردہ ضوابط سب کے لیے برابر ہیں اور ہم سب کی بہتری کے لیے لاگو کیے گئے ہیں۔ تمام مکاتب فکر کے علمائنے حکومتی جاری کردہ ضوابط پر پوری طرح عملدرآمد کرنے اور پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ راجن پور کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -