بڑے میاں کی طرح چھوٹے میاں کا سیاسی مستقبل بھی مکمل تاریک ہے،مراد سعید
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ، بڑے میاں سمدھی ساتھ ملا کر لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کرتے رہے، چھوٹے میاں بیٹے کے کلاس فیلوز اور ذاتی ملازمین کے ذریعے کرپشن کا پیسہ ٹھکانے لگاتے رہے،بڑے میاں کی طرح چھوٹے میاں کا سیاسی مستقبل بھی مکمل تاریک ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ،بڑے میاں لندن تو چھوٹے میاں پاکستان میں روپوش ہوگئے، بڑے میاں علاج کے بہانے لندن نکل گئے ،چھوٹے میاں کورونا کا نام لیکر زیرزمین چھپ گئے۔
مراد سعید نے کہاکہ رسیدیں نہ بڑے میاں کو ملیں نہ ہی چھوٹے میاں کو مل رہی ہیں، بڑے میاں سمدھی ساتھ ملا کر لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کرتے رہے، چھوٹے میاں بیٹے کے کلاس فیلوز اور ذاتی ملازمین کے ذریعے کرپشن کا پیسہ ٹھکانے لگاتے رہے، انہوں نے کہاکہ بڑے میاں نے آف شور کمپنیوں کا جال بچھایا، چھوٹے میاں نے جعلی اکاو¿نٹس کے ذریعے کام چلایا،بڑے میاں قطری خط کے ذریعے بچنے کی کوششیں کرتے رہے، بڑے میاں کی طرح چھوٹے میاں کا سیاسی مستقبل بھی مکمل تاریک ہے۔