شہباز شریف کے خلاف نیب تحقیقات میں انکشافات کی بنیاد پر انکا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، فیاض چوہان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ شہباز شریف کے خلاف نیب تحقیقات میں انکشافات کی بنیاد پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، شہباز شریف نے حقیقی معنوں میں کرپشن اور ٹی ٹی کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ شہباز شریف کے پاس نیب تحقیقات اور شہزاد اکبر صاحب کے سوالات کا کوئی جواب نہیں، ن لیگی تیس مار خاں اپنے آقاؤں پر کرپشن الزامات کے جواب میں بغلیں جھانک رہے ہیں، امید نہیں شہباز شریف مسرور انور خان اینڈ نثار ٹریڈنگ سے ٹرانزیکشنز کا جواب دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ احتساب کی باری آتے ہی ملک کا اپوزیشن لیڈر بھیگی بلی بن گیا ہے، شریف خاندان نے کرپشن، منی لانڈرنگ کی الگ دنیا بنائی ہوئی تھی،شہباز شریف کو ملنے والی کک بیکس کا مکمل ٹریل موجود ہے،وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے، کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔