پاکستان میں رواں سال پرو فٹ بال لیگ کے انعقاد کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں رواں سال کے اختتام تک پرو فٹ بال لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا گیا۔
پرو فٹ بال لیگ کے منتظمین نے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ لیگ کا افتتاحی سیزن سال کے اختتام سے قبل منعقد ہوگا۔ "کووڈ 19" کو مدنظر رکھتے ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ پرو فٹ بال لیگ کے افتتاحی سیزن کا آغاز 2021 کے اواخر میں کیا جا سکے گا۔
پرو فٹ بال لیگ کا آغاز سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ کے بانی حیدر علی داؤد نے کیا ہے جو پرامید ہیں کہ پرو فٹبال لیگ پاکستان کے تمام حصوں سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کلبوں کا ایک اہم ایونٹ ہوگا۔ لیگ کیلئے ملک بھر سے 20 سے زیادہ معروف اور مشہور فٹ بال کلب اکٹھے کیے گئے ہیں۔
پرو فٹ بال لیگ کا فارمیٹ اوپن ہوگا اور حصہ لینے والے کلب راؤنڈ روبن کی بنیاد پر مقابلہ کریں گے۔ کم از کم تین سیزن کے انعقاد کے بعد لیگ دو حصوں میں توسیع کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ کلبوں کی لیگ میں ترقی اور تنزلی کے قوانین بنانے جائیں گے۔