پی ایچ اے ملتان: ٹھیکے رکوانے کیلئے مافیا سرگرم، افواہوں کا طوفان: درخواست، الزام بازی شروع
ملتان (سپیشل رپورٹر)مالی سال 2022-23 ء کیلئے پی ایچ اے ملتان کی جانب سے پبلسٹی ٹھیکہ کی نیلامی بارے اقدامات شروع ہوتے ہی مافیا سرگرم ہوگیا،ٹھیکہ رکوانے کیلئے پی ایچ اے کے شعبہ مارکیٹنگ کیخلاف افواہوں کا بازار گرم کردیا گیا،درخواست بازی کا سلسلہ (بقیہ نمبر26صفحہ6پر)
بھی شروع کردیا گیا۔اس ضمن میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کی جانب سے سال2021-22ء میں پبلسٹی ٹھیکہ کی کامیابی اور بروقت ریکوری کے باعث شہر میں ایڈورٹرائزنگ کے کاروبار سے منسلک پبلسٹی کی مد میں سرکاری ٹیکس چوری میں ملوث مبینہ مافیا نے مالی سال 2022-23ء کیلئے مذکورہ ٹھیکہ کی نیلامی بارے اقدامات کا آغاز ہوتے ہی پی ایچ اے کے شعبہ مارکیٹنگ بار ے منفی پراپیگنڈہ کا آغاز کردیا ہے تاکہ پبلسٹی فیس کا ٹھیکہ ہونے کی بجائے اسے سرکاری ریکوری پر منتقل کیا جاسکے۔کیونکہ سابق ادوار میں ٹھیکہ نہ ہونے اور پی ایچ اے شعبہ مارکیٹنگ میں فیلڈ سٹاف نہ ہونے کے باعث مذکورہ مافیا کروڑوں روپے کا پبلسٹی ٹیکس ہضم کرکے محکمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا چکا ہے۔اور آئندہ کیلئے بھی ایسا ہی چاہتاہے۔مذکورہ مافیا نے ٹھیکہ رکوانے کیلئے ٹھیکدار سمیت پی ایچ اے کے شعبہ مارکیٹنگ کیخلاف افواہوں کا بازار گرم کردیا گیا،درخواست بازی کا سلسلہ بھی شروع کردیاہے تاکہ انھیں متنازعہ بنا کر ماضی کی طرح ٹیکس چوری کی جاسکے۔اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اسامہ نے کہا ہے کہ ڈی جی پی ایچ اے کی سربراہی میں ٹھیکہ کی نیلامی بارے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاہم مافیا کے پراپیگینڈہ سے سختی سے نمٹا جائے گا انھوں نے کہا کہ پبلسٹی ٹیکس چور مافیا نے پبلسٹی ٹیکس ہضم کرنے کیلئے حکم امتناہی حاصل کررکھے تھے جس پر پی ایچ اے اور ٹھیکدار کی جانب سے مؤثر قانونی کارروائی ہونے سے مافیا کو منہ کی کھانی پڑ رہی ہے جس کے باعث وہ منفی اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔