ہیٹ سڑوک کا خدشہ،ہیلتھ ٹیموں کو انتظامات مکمل کرنیکا حکم

ہیٹ سڑوک کا خدشہ،ہیلتھ ٹیموں کو انتظامات مکمل کرنیکا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 ملتان ( خصو صی  رپورٹر  )  بڑھتی گرمی کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق گرمی کے اثرات کو کم کرنے اور زیادہ گرمی کی وجہ سے ہیٹ سڑوک کا شکار ہونے والے لوگوں کو کسی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 ملتان کے تمام سنٹرز (بقیہ نمبر45صفحہ7پر)
کو ایمرجنسی رسپانس سنٹر بنا دیا گیا ہے جہا ں گرمی کا شکار ہونے والے لوگوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کی تمام تر سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے اور کسی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو ایڈوانس طبی امداد کیلئے ہسپتال شفٹ کرنے کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ایمر جنسی رسپانس سنٹر میں پیاس سے بے حال لوگوں کیلئے ٹھنڈے پانی کی سہولت کے ساتھ نمکول ملے پانی کا بھی وافر انتظام ہے۔گرمی کے خلاف اقدامات کے سلسلے میں چوک گھنٹہ گھر پر مصنوعی بارش کا انتظام کیاگیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ملتان ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ عوام الناس سے گزارش ہے کے صبح 10بجے سے شام 05بجے کے درمیان گھروں سے باہر نہ نکلیں صرف انتہائی ضرورت کے پیش نظر ان اوقات میں گھروں سے باہر نکلیں ان ہدایات پر عمل کریں۔سر کو ڈھانپ کے رکھیں باربار پانی پئیں غیر معیاری مشروبات سے پرہیز کریں۔دھوپ میں کھڑی بندگاڑی میں نہ بیٹھیں  بچوں کو کھڑی گاڑی میں مت چھوڑیں   ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں   صفائی کا خیال رکھیں۔زیادہ پسینہ کی صورت میں نمکول کا استعمال کریں۔بخار، جسم پر گرمی دانے، غنودگی، پٹھوں میں درد، نیم بے ہوشی ہیٹ سٹروک کی علامتیں ہیں۔متاثرہ شخص کو ٹھنڈی جگہ لٹائیں پانی کے چھینٹے ماریں ضلعی انتظامیہ نے شدید گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر منفرد اقدام اٹھایا ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد کی ہدایت پر دوپہر کے اوقات میں شاہراہوں پر چھڑکاؤ اور واٹر سپرے کا آغاز کردیا گیا ہے۔گزشتہ روز ریسکیو 1122 کی جانب سے مرکزی چوکوں پر کولنگ کیلئے سپرے کیا گیا۔چوک گھنٹہ گھر سمیت مختلف مقامات پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے ٹریفک روٹس پر کولڈ واٹر شاور کیا۔ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے اقدامات کا ٹاسک دیاہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی چوکوں اور گنجان مقامات پر ٹھنڈی سبیلیں بھی لگادی گئیں ہیں۔اخلاق احمد نے کہا کہ شہری گرمی کی لہر سے بچنے کیلئے حفاظتی انتظامات اختیار کریں۔سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب تنویر اقبال تبسم نے کہا ہے کہ تمام چیف ایگزیکٹیو افسران ہر اسپتال کی ایمرجنسی میں کنسلٹنٹ اسٹاف کی اضافی تعداد تعینات کریں جو صرف اور صرف ہیٹ سٹروک ایمرجنسی کو ڈیل کریں گے۔ یہ ہدایات انہوں نے جنوبی پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو جاری کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ گرمی کی شدید لہر سے متاثرہ افراد کی ترجیح بنیادوں خصوصی دیکھ بھال کی جائے۔ اس کے علاوہ تمام اسپتالوں اور مراکزصحت پر قائم کردہ ہیٹ سٹروک کاونٹرز پر ضروری ادویات کی مناسب مقدار ہروقت موجود ہونی چاہیے اور ہیٹ سٹروک سے بچا کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے بارے بھرپورعوامی آگاہی مہم بھی ساتھ ساتھ جاری رکھی جائے۔ سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب تنویر اقبال تبسم کی ہدایات مختلف اضلاع کے اسپتالوں اور مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کی مانیٹرنگ کے لیے محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کے افسران کے دورے، افسران نے فراہم کی جانیوالی والی طبی سہولیات اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ سیکشن آفیسر ذوالقرنین سلیم وٹو نے ضلع بہاولنگر، سیکشن افسر ڈاکٹر جبران خلیل نے ضلع راجن پورکنسلٹنٹ سحرش زارا نے ضلع بہاولپور اور بہاولنگر، راجن پور اور خانیوال کے چیف ایگزیکٹیو افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں اسپتالوں اور مراکز صحت میں میڈیکل وپیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی و فراہمی، صفائی و ہارٹیکلچر کی صورتحال، انفراسٹرکچر کی حالت اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔افسران نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسپتالوں، مراکز صحت اور ڈسپنسریوں میں لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین اور بروقت سہولیات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات میسر ہوسکیں۔