ہمارا مطالبہ، نئے الیکشن، سارے مجھے ہرانے کیلئے اکٹھے ہوگئے، سب کا جنازہ اکٹھا نکلے گا: عمران خان 

      ہمارا مطالبہ، نئے الیکشن، سارے مجھے ہرانے کیلئے اکٹھے ہوگئے، سب کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        صوابی،اسلام آباد(بیورورپورٹ،نیوزایجنسیاں) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔ سارے مجھے ہرانے کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشاء اللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صوابی والوں آپ اسلام آباد کے قریب ہو، یہاں دلیر نوجوانوں سے اسلام آباد ملنا چاہتا ہوں، ملک کی حقیقی آزادی کیلئے آپ نے اسلام آباد آئیں گے، جواسلام آباد نہیں آئے گا وہ صوابی میں نکلے گا، غلامی اور امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت منظور نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں نے قربانیاں دیں، جنگ میں قبائلی علاقوں کے لوگوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ 80ہزارلوگ قربان کردیئے کیا امریکا نے شکریہ ادا کیا؟ ہمارے فوجیوں کی امریکا سے تین گنا زیادہ شہادتیں ہوئیں، یاد رکھوغلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، امپورٹڈ حکومت امریکی سازش کے تحت مسلط کی گئی، کسی صورت امریکا کے غلام، چوروں، ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرنا۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ زرداری، شریفوں نے 10 سال حکومت کی، دس سال ڈیزل ان کے ساتھ فٹ ہوا تھا، تھری سٹوجز نے 10سال حکومت کی تو 400 ڈرون حملے ہوئے۔ کیا امریکہ اپنے ملک میں دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون حملہ کرے گا؟ کیا برطانیہ ہمیں متحدہ بانی جیسے دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون کی اجازت دے گا؟سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان دوخاندانوں کواس لیے مسلط کیا گیا ان میں جرات نہیں ہے، دونوں خاندان پیسے کی پوجا کرتے ہیں، یہ کبھی پاکستانیوں کے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے، یہ کبھی اپنے آقاؤں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے۔ پاکستانیو!یہ دو بت کی پوجا کرتے ہیں، ایک پیسے اور دوسرا خوف کا بت ہے، ہمارے نبیؐ نے پہلے لوگوں کو خوف سے نجات دلائی تھی، ہم نے علامہ اقبال کا شاہین بننا ہے۔ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، اور 24 ارب کا کیس پکڑا، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا، ایف آئی اے پر اب ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ساتھ اب وہی ہو گا جو ایم کیو ایم نے آپریشن کرنے والے پولیس والوں کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی ہے۔ مفرور کی بیٹی سزا یافتہ اس کو رینجرز کا پروٹوکول مل رہا ہے، جب ایسے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھادیا جائے توملک کی اخلاقیات تباہ ہوجاتی ہیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزیروں کو کرپشن کے خلاف پکڑا، ہمارے نبیؐ نے مسلمانوں کو کہا، اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، اللہ کا حکم ہے برائی کے خلاف جہاد کرو، جب بڑے، بڑے مجرم اقتدارمیں آجائے تو اس معاشرے کا کوئی مستقبل نہیں، آپ نے اسلام آباد پہنچنا ہے گرمی اوربارش کو نہیں دیکھنا۔ہم صرف ایک چیزچاہتے ہیں الیکشن کراؤ، تاکہ عوام فیصلہ کریں کہ ملک کی قیادت کون کرے گا۔ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے۔ اوپر بیٹھے ہوئے جانوروں سے بھی گرے ہوئے لوگ ہیں، میں بتاؤں گا وہ کونسا زہر ہے جو کھانے میں ملاؤ تو ہارٹ اٹیک ہوتا ہے۔جلسے کے دوران کارکنوں کی طرف سے ڈیزل کے نعرے لگائے جانے کے بعد مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیزل خود کو بڑا اسلام کا ٹھیکے دارسمجھتا تھا، میں سمجھا تھا ڈیزل تعلیم کی وزارت لے گا لیکن اس نے کمیشن بنانے والی وزارت کولیا، سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا، صوابی کے لوگوں کوجنون وشعورپرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوابی کے لوگ برے وقت میں بھی میرے ساتھ کھڑے رہے۔دوسری جانب اسلام آباد کی خواتین وکلا کے وفد سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ مجرموں پر محیط کٹھ پتلی حکومت عوام کے جمہوری و آئینی حقوق بھی سلب کرنے کو تیار ہے،سازش اور شرارت کے ماحول میں شعبہ قانون سے وابستہ افراد کی قوم کو اشد ضرورت ہے، بیرونی سازش کے نتیجے میں منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارا گیا۔وکلا خواتین کے جوش و جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، سازش اور شرارت کے ماحول میں شعبہ قانون سے وابستہ افراد کی قوم کو اشد ضرورت ہے۔
عمران خان 

مزید :

صفحہ اول -