فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 3ہزار کلو ملاوٹ شدہ مصالحہ جات برآمد

فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 3ہزار کلو ملاوٹ شدہ مصالحہ جات برآمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          پشاور(ٌسٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ بخشو پل کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری سے 3000 کلو سے زائد ملاوٹ شدہ ناقص مصالحہ جات برآمد کرکے ضبط کرلئے گئے۔ چھاپے کے دوران یونٹ میں مصالحہ جات کی تیاری میں بورے اور مضر صحت رنگوں سمیت مختلف مضر صحت اجزا کو شامل کیا جارہا تھا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران فیکٹری میں مضر صحت مصالحہ جات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔ یونٹ میں مصالحہ جات کی تیاری میں خراب خوردنی تیل کا استعمال بھی کیا جارہا تھا، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی میں 100 لیٹر سے زائد مضر صحت خراب خوردنی تیل برآمد کیا گیا۔ یونٹ سے مضر صحت مصالحہ جات شہر کے مختلف حصوں میں سپلائی کئے جاتے تھے۔ کاروائی کے دوران جعلی مصالحہ جات تیار کرنے والا پروڈکشن  پوانٹ سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جعلی مصالحہ جات تیار کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ضلع خیبر میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، اور ناکہ بندی کے دوران متعدد گاڑیوں سے بڑی مقدار میں مضر صحت چورن اور مس لیبل سافٹ ڈرنکس برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق چارسدہ میں مختلف خوراک سے وابستہ افراد کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں کاروباری حضرات کو حفظان صحت کے اصولوں کے حوالوں سے بنیادی اگاہی فراہم کی۔