سکھ تاجر قتل‘ تاجروں و ایف پی سی سی آئی کی مذمت 

    سکھ تاجر قتل‘ تاجروں و ایف پی سی سی آئی کی مذمت 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) گزشتہ دنوں قتل ہونے والے دو سکھ تاجروں کے قتل کیخلاف تاجر تنظیموں اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداروں نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے، انکا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں سکھ برادری کے ساتھ کھڑے ہیں اور قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لیے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیوں کو تیز کریں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز بیان دیتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمٰن، ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اور مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی نے کہا کہ سکھ تاجروں کو دن دیہاڑے جس بے دردی سے قتل کیا گیا اسکی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تاجروں کو قتل کرنے والے در اصل کاروباری طبقے کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں اور سیاسی منافرت کو ہوا دینا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کے تاجر برادری اپنے ہر ایک تاجر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ متحد ہے اور ایک پیج پر ہے۔ مشترکہ بیان انکا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مقتولین کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اس گھناونی سازش اور قتل میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائینگے اور ایسا کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائیگی۔ انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا اور سیکرٹری داخلہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے خصوصی احکامات جاری کریں تاکہ مقتولین کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔