کراچی میں شدید گرمی کے باعث کئی افراد اسپتالوں میں داخل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ہیٹ ویوو نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا اور شہر کے مختلف اسپتالوں میں متعدد افراد کو داخل کرایا گیاہے۔اس ضمن میں انچارج عباسی شہید ڈاکٹر نادر علی سید نے بتایاکہ ہفتہ کے روز ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ 11 مریض لائے گئے جن میں سے 7 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ 4 مریض داخل کیے گئے۔ڈاکٹر نادر علی سید نے کہاکہ اتوار کے روز گرمی سے متاثر ہونے والے 15 افراد اسپتال لائے گئے جنہیں ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ شہر میں اتوار سے اب تک ہیٹ ویو کے باعث 3 افراد کی جان چلی گئی ہے جن میں سے دو اموات نجی اسپتال میں جبکہ ایک سول اسپتال میں ہوئی ہے تاہم سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ذرائع کے مطابق اتوار کے روز شہر میں گرمی کے باعث ملیر کے رہائشی عمر خان میچ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے۔