حکومت اور اتحادی جماعتوں کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، پی ٹی آئی کے حوالے سے سخت فیصلے کر لیے
لاہور (جاوید اقبال سے )مسلم لیگ (ن )کی مخلوط حکومت نے پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم کا فیصلہ کر لیا،حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تحریک انصاف کا کھل کر مقابلہ کیا جائے اور ہر محاذ پر نہ صرف صرف سادہ جواب دیا جائے بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے حکومت کا پی ٹی آئی کا سیاسی، آئینی محاذ پر کھل کر مقابلہ کرنے کا اتفاق ہوا ہے۔تفصیل کے مطابق اہم اجلاس میں اہم ایشوز پر حکومتی، اتحادیوں نے اہم فیصلے کر لیے، بیک ڈور رابطوں میں اتحادیوں کا جلد انتخابات نہ کرانے پر اتفاق کر لیا، ملک کی موجودہ معاشی، سیاسی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل تیار ہوگا۔ذرائع کے مطابق سابق حکومت کی کرپشن کو نمایاں کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف آئین توڑنے کے مقدمات درج ہوں گے، سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف منظم مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سیاسی محاذ پر تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو حلقوں میں متحرک کیا جائیگا۔دریں اثنا ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی بیانیہ زائل کرنے کیلئے سرگرم ہونگے، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ 31 مئی کے بعد اپوزیشن کی اہم شخصیات کے گرد گھیرا تنگ ہونے کا امکان ہے۔