وزارت قانون نے نیب کے اختیارات کم کرنے کا مسودہ تیار کر لیا، نجی ٹی وی کا دعویٰ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزارت قانون نے قومی احتساب بیورو (نیب )کے اختیارات کم کرنے کیلئے مسودہ تیار کر لیا ہے ، نیب کی 7شقیں ختم اور31ترامیم شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز" کے مطابق وزارت قانون نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئے مسودہ تیار کیا ہے ،مسودہ کے مطابق نیب افسر کو بیان جاری کرنے پر ایک سال قید اور 10لاکھ جرمانہ کیا جائے گااور نیب کرپشن کیسز کی انکوائری 6ماہ میں مکمل کرنے کا پابند ہو گا۔ مسودہ کے مطابق
نیب ترامیم کا اطلاق 1985سے ہو گا، نیب کا ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار بھی ختم کر دیا جائے گا ،نیب کو ملزم کی گرفتاری کیلئے عدالت سے منظوری لینا ہو گی ۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کیسز میں سیاستدانوں کی نااہلی 10سال کے بجائے 5 سال کی ہو گی جبکہ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کیخلاف نیب کے اختیارات کو بھی تبدیل کیا جائیگا ۔