کیا پاکستان بھی سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ ہو سکتا ہے؟ شبر زیدی نے واضح جواب دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ پاکستان کی سری لنکا جیسی صورتحال ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فی الحال پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ملک چلانے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کا استعمال کم کیا جائے۔ حکومت کو جلد از جلد فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس نے اپنا سیاسی نقصان کرنا ہے یا ملک چلانا ہے؟ان کا کہنا تھا کہ آپ نے جو بھی کرنا ہے فیصلہ کریں، یہ سیاسی نہیں معاشی فیصلہ ہے۔ اگر یہ پٹرول کی قیمت نہیں بڑھاتے تو ڈالر مہنگا ہوتا رہے گا۔
انہو ں نےکہا کہ حکومت کے پاس فیصلہ کرنے کے لئے آئندہ 48 گھنٹے انتاہئی اہم ہیں۔ تاہم پاکستانی معیشت کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے وقت درکار ہوگا۔شبر زیدی نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جو کہہ رہا ہے اس پر عمل کیا جائے۔ آئی ایم ایف کی اگر شرائط تسلیم نہیں کرنی تو اعلان کیا جائے۔ سوال یہ ہے کہ آپ نے معیشت کے بنیادی مسائل حل کرنے ہیں کہ نہیں؟ آئی ایم ایف کے سوا حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں، آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ کیا جائے۔