ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کو سراہتا ہوں، خواجہ سلمان رفیق کا سمز کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب

ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کو سراہتا ہوں، خواجہ سلمان رفیق کا سمز کے چھٹے ...
ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کو سراہتا ہوں، خواجہ سلمان رفیق کا سمز کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز  (سمز) کے چھٹے کانووکیشن کا ایکسپو سینٹر میں  انعقاد ہوا۔  سمز انتظامیہ کے اعلان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب  حمزہ شہباز  نے کانووکیشن میں ڈگریاں اور میڈلزتقسیم کرنے  تھے مگر وہ تقریب میں نہ پہنچ سکے   اور انہوں نے اپنی جگہ مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم اور گیسٹ آف آنر رکن صوبائی اسمبلی خواجہ سلمان رفیق  کو بھیج دیا۔کانووکیشن کے دوران سمز کی خدمات اور کارکردگی پر مبنی اہم معلوماتی ڈاکومنٹری دکھائی گئی ۔ پرنسپل سمز پروفیسر فاروق افضل ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان، سابق پرنسپل پروفیسر محمود ایاز اور ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عامر  غفورمفتی بھی موجود تھے۔

کانووکیشن سے  خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق  نےکہا کہ ڈاکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ خوشگوار رہا۔پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کا اعزازیہ پہلے بھی بڑھایا اب بھی ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ڈاکٹرز کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ سروسز ہسپتال میں نئے بلاک تعمیر کئے جائیں گے،  ریڈیالوجی ٹاور کے قیام میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کو سراہتا ہوں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ قومی صحت کارڈ جاری رہے گا، مزید بہتری کے لئے چند تجاویز زیر غور ہیں۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے محکمہ صحت جلد لائحہ عمل وضع کرے گا۔قبل ازیں پرنسپل سمز پروفیسر فاروق افضل نے خطبہ استقبالیہ میں سمز کے کارہائے نمایاں کا ذکر  کرتے ھوے کہا کہ سروسز ہسپتال کے اوپی ڈی میں سالانہ 67000، ایمرجنسی میں سالانہ 56000 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔کورونا کے دوران سروسز ہسپتال میں 32000 مریضوں کی دیکھ بھال کی گئی۔

تقریب میں  280 کامیاب طلبہ و طالبات کو ایم بی بی ایس کی ڈگریاں جاری کی گئیں، 56 گولڈ میڈلز، 54 سلور میڈلز اور 54 برونز میڈلز طلبہ و طالبات میں تقسیم کئے گئے۔ڈاکٹر میشہ شیخ نے 22 میڈلز، اعزاز خالد نے 21 میڈلز اور فاطمہ عامر چیمہ نے مختلف مضامین میں 12 میڈلز حاصل کئے۔ مہمان خصوصی پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ کامیاب ہونیوالے ڈاکٹرز کا اصل امتحان مریضوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنا ہے۔ڈاکٹرز کمیونٹی ہمارے ملک کی کریم اور اثاثہ ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -