190ملین پاؤنڈز ریفرنس؛ بشریٰ بی بی غصے میں آ گئیں، احتساب عدالت کے جج پر عدم اعتماد کااظہار ،بانی پی ٹی آئی کی کول ڈاؤن کرنے کی کوشش

190ملین پاؤنڈز ریفرنس؛ بشریٰ بی بی غصے میں آ گئیں، احتساب عدالت کے جج پر عدم ...
190ملین پاؤنڈز ریفرنس؛ بشریٰ بی بی غصے میں آ گئیں، احتساب عدالت کے جج پر عدم اعتماد کااظہار ،بانی پی ٹی آئی کی کول ڈاؤن کرنے کی کوشش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران  بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کے جج پر عدم اعتماد کااظہارکر دیا تاہم طویل مشاورت کے بعد وکلا اور بانی پی ٹی آئی نے عدم اعتماد واپس لینے سے عدالت کو آگاہ کیا،بانی پی ٹی آئی کیخلاف 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 22مئی تک ملتوی  کر دی گئی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بشریٰ بی بی غصے میں کمرہ عدالت داخل ہوئیں،بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کے پاس جانے کے بجائے الگ بیٹھی رہیں،بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے بھی نہیں ملیں،کمرہ عدالت میں داخل ہونے کے تھوڑی دیر بعد بشریٰ بی بی بھی غصے میں روسٹرم پر آ گئیں۔

بشریٰ بی بی نے کہاکہ پہلے کیسز کے ججز پر بھی اعتماد نہیں تھا،اس عدالت پر بھی عدم اعتماد کر رہی ہوں،بشریٰ بی بی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ 15مئی کو اڈیالہ جیل میں سماعت تھی، کسی نے نہیں بتایا، عدالت نے کہاکہ 15مئی کی سماعت تو ملتوی ہوئی تھی،بشریٰ بی بی نے کہاکہ میں اس کیس میں قیدی نہیں ہوں، ناانصافی کی وجہ سے جیل میں ہوں ۔

اسی دوران بانی پی ٹی آئی اپنی جگہ سے اٹھ کر بشریٰ بی بی کیساتھ روسٹرم پر کھڑے ہو گئے،بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو فیملی کارنر میں چلنے کو کہا،بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیساتھ بیٹھی اپنی بیٹیوں سے بھی نہیں ملیں،بشریٰ بی بی علیحدہ کمرے کے انتظام کے بعد اپنی بیٹیوں سے علیحدگی میں ملیں،بانی پی ٹی آئی سماعت کے ابتدا سے آخر تک پریشان نظر آئے،بانی پی ٹی آئی کبھی وکلا، کبھی روسٹرم، کبھی بشریٰ بی بی، کبھی بہنوں کے پاس جاتے رہے،بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی پانچ سے چھ مرتبہ سرگرشیوں میں باتیں کرتے رہے۔

وکلا اور بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے بشریٰ بی بی کو قائل کرنے کیلئے تین مرتبہ وقت مانگا،عدالت نے وکلا اور بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت میں تین بار وقفہ کیا،طویل مشاورت کے بعد وکلا اور بانی پی ٹی آئی نے عدم اعتماد واپس لینے سے عدالت کو آگاہ کیا،وکلا نے سماعت 15دن بعد کرنے اور گزشتہ روز عدالتی نوٹسز پر عدالت میں درخواست جمع کرائی۔