سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تازہ جارحیت میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کردیئے گئے۔3 رو ز میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔بھارتی فوج کی فائرنگ میں 3 نہتے نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔شہید نوجوانوں کے والدین اپنے جگر کے ٹکڑوں کی لاشوں کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
یاد رہے کہ 13 مئی کو بھی ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے تین کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے کر ماورائے عدالت قتل کیا تھا۔انسانی حقوق کی سنگیں خلاف ورزیوں میں ملوث قابض بھارتی فوج نے پورے کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر جعلی سرچ آپریشنز اور جھوٹے انکاؤنٹرز کا سلسلہ تیز کر دیا ۔
بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کی ہیں، کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز نے 40 سے زائد گھروں پر چھاپے مارے اور 25 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ دوسری جانب دی اکنامک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ3 دنوں میں 60 سے زائد کشمیری شہریوں کو مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا۔