جو لوگ فوج مخالف باتیں کرتے تھے کیا ان کا احتساب نہیں ہونا چاہئے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر

May 17, 2025 | 07:18 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اب ہمیں متحد ہوکر آہنی دیوار (بنیان مرصوص) کو دہشت گردی کی طرف موڑنا ہے۔
نجی ٹی وی ’’ایکسپریس نیوز ‘‘کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلام آباد کے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں انہوں نے نوجوانوں کی ملک کے لیے کاوشوں کو نہایت اہم قرار دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے دشمن کے ناپاک عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے متحد رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور پاکستان کی فتح دراصل امن کی فتح ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پورے ملک کے اساتذہ کو پاک فوج کی جانب سے سلام بھی پیش کیا۔
شرکاء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے آپ (طلباء) نے پاکستان اور پاک فوج کیلئے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے اسے دیکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف روشن ہے بلکہ تابناک بھی ہے۔ آپ کو لوگ کہتے تھے یہ اپنا کام نہیں کرتے، آپ ان سے سوال کریں کہ فوج نے اپنا کام کیا یا نہیں کیا؟ کیا ایسے لوگوں کا احتساب نہیں ہونا چاہیے جو اپنی فوج، افسروں اور جوانوں کے خلاف باتیں کرتے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج عوام سے اور عوام پاک فوج سے ہیں، سیسہ پلائی آہنی دیوار آپ ہیں، اس ملک کے عوام، بچے اور بچیاں ہیں۔ یقین رکھیں یہ نسل اور آپ کے بعد کی نسلیں کبھی بھی ملک کی حفاظت سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبا ءکو بتایا کہ پاکستان میں نظر آنے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے۔ آہنی دیوار (بنیان مرصوص) کو اب ہم نے متحد ہوکر دہشت گردی کی طرف موڑنا ہے، عوام اور فوج اکٹھے ہوں گے تو ملک میں کوئی دہشت گرد نہیں بچے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تمام بچے اپنے اساتذہ کا احترام کریں، ہمیں اپنے اساتذہ کوسلیوٹ کرنا چاہیے۔ انہوں نے پاک فوج کی جانب سے اساتذہ کوسلیوٹ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے پاکستان زندہ باد کا سٹیج سے نعرہ لگوایا جبکہ بچوں کے ساتھ ملکر ’’ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ‘‘ بھی لگوایا۔

مزیدخبریں