ڈائریکٹر سید فیصل بخاری کے سوپ ’’کنیز ‘‘کی ریکارڈنگ جاری
لاہور(فلم رپورٹر)نجی چینل سے کامیابی کے ساتھ آن ائیر کئے جانے والے سوپ’’کنیز‘‘ کی ریکارڈنگ گزشتہ روز شباب سٹوڈیومیں ہوئی جس میں عمران بخاری،صائمہ سلیم،پونم،اسد،علی سفینہ،ارجمند رحیم یاسمین حق اور صائمہ نے حصہ لیا۔اس موقع پر فنکاروں نے بریک کے دوران خوب ہلہ گلاکیا اور خاص طور پر سب سے اپنے موبائل سے سوشل میڈیا کے لئے تصاویر بھی بنوائیں۔صائمہ جو عام طور پر خاموش رہتی ہیں تمام فنکاروں کے ساتھ گپ شپ لگا رہی تھیں جبکہ علی سفینہ بھی اپنی باتوں سے سب کومحظوظ کررہے تھے۔علی سفینہ نے بتایا کہ وہ لاہور میں پہلی بار کسی ڈرامے کی یکارڈنگ کرارہے ہیں سب فنکاروں کے ساتھ کام کر کے بہت انجوائے کررہا ہوں۔ فیصل بخاری کے ساتھ بھی پہلی بار کام کیا ہے وہ بہت ہی اچھے ڈائریکٹر ہیں جن سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔عمران بخاری نے بتایا کہ وہ اس ڈرامے میں پیر صالح بخت کاکردار کررہے ہیں جوبہت ہی زیادہ پسند کیاجا رہا ہے ۔اس سے پہلے میں نے نیگٹو کردارنہیں کیا۔اسد میرے تایا کا کردار کررہے ہیں۔اسد نے صائمہ سے خفیہ شادی کی ہوئی ہے جس میں سے ایک بیٹی ہے لیکن کسی کو اس بارے میں پتہ نہیں میں انجانے میں اسے اغوا کرلیتا ہوں۔یاسمین حق نے بتایا کہ میں عمران بخاری کی بہن کا کردار کررہی ہوں جس کی منگنی علی سفینہ سے ہوتی ہے جو میرا چچا زاد ہے اور بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس آتا ہے۔ارجمند رحیم نے بتایا کہ اسد کی بیوی کا کردار کررہی ہوں۔ صائمہ نے بتایا کہ وہ ’’کنیز‘‘ کا ٹائٹل رول کررہی ہیں ۔ ایک ایک ایسی عورت کا کردار ہے جسے محبت کی پاداش میں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ ڈرامہ بہت پسند کیا جارہا ہے جس میں ساری ٹیم کی محنت شامل ہے۔ ڈائریکٹر فیصل بخاری نے’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ ڈرامے کے ہر پہلو پر بہت محنت کی گئی ہے یہی وجہ ہے پہل قسط سے ہی ’’کنیز‘‘ پسند کیا جارہا ہے۔