گنے کی فصل کی کٹائی میں تاخیرکی وجہ سے گندم کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ
کراچی(این این آئی) گنے کی فصل کی کٹائی میں تاخیرکی وجہ سے گندم کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شوگرفیکٹریز کنٹرول ایکٹ کے باوجود گنے کی کٹائی تاحال شروع نہ ہوسکی۔شوگرانڈسٹریز نے شوگرفیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، تاحال گنے کی کٹائی شروع نہیں کی۔ قانون کے تحت سندھ کی شوگرملزیکم اکتوبراورپنجاب کی شوگرملز یکم نومبرسے گنے کی کرشنگ شروع کرنے کی پابند ہیںدونوں صوبوں میں تاحال گنے کی فصل کی کٹائی کا آغاز نہ ہو سکا۔ جس سے گندم کی بوائی میں تاخیرکا اندیشہ ہے۔ ماہرین کے نزدیک نومبر اور دسمبر گنم کی فصل کی بوائی کیلئے موزوں وقت ہے تاہم تاخیر کے سبب نہ صرف گندم کی پیدورارمتاثرہوگی بلکہ گنے کے کاشت کاروں کے، خریف کی دوسری فصلوں کی جانب مائل ہونے سے آئندہ سال گنے کی پیدواربھی کم ہوگی۔