عمران کے خون سے کوکین برآمد نہ ہو تو سیاست چھوڑ دونگا ،حنیف عباسی
اسلام آباد(اے این این)مسلم لیگ(ن) کے رہنماءحنیف عباسی نے کہاہے کہ عمران خان کے خون سے کوکین اور چرس برآمد نہ ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ خان صاحب کی زبان سے کوئی شریف آدمی محفوظ نہیں ، میری قوم کے بزرگوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے گھروں کو اس شخص سے بچائیں میں خود بھی بچیوں کا باپ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر جو کیس چل رہاہے میں اس کے ٹرائل میں شریک ہوں اور عدالتوں کے سامنے پیش ہوتا ہوں میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ فلاں جج منظور اور فلاں نہ منظور ہے۔ عمران خان کے خلاف امریکہ کی ایک عدالت نے فیصلہ دے رکھا ہے۔ میں گندی زبان استعمال نہیں کروں گا صرف یہ کہتاہوں کہ جس جرم میں عمران خان کو سزا ہوئی ہے اسلام میں اس کی سزا سنگسار کرنا ہے۔ جنوبی کوریا اور جاپان میں کسی سیاستدان پر ایسی تہمت لگے تو وہ خودکشی کرلیتا ہے ۔ امریکہ اور یورپ کے مادر پدر آزاد معاشرے میں ایسے الزام پر سیاستدان اپنا عہدہ چھوڑ کر قوم سے معافی مانگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ شخص ہے جس نے کرکٹ ٹیم میں چرس متعارف کروائی۔ عمران خان بتائیں کیا وہ کوکین پینا چھوڑ چکے ہیں وہ میرے ساتھ سی ایم ایچ چلیں ہم دونوں خون کا ٹیسٹ کرواتے ہیں اگر ان کے خون سے کوکین اور چرس برآمد نہ ہوئی تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔
حنیف عباسی