جہلم ،تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ ،10کارکن زخمی ،ایک کی حالت نازک
جہلم(نامہ نگار) جہلم میں تحریک انصاف کی ریلی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے10افراد زخمی ہو گئے ،ایک کی حالت تشویشناک ،راولپنڈی منتقل،تحریک انصاف نے فائرنگ کا ذمہ دار مسلم لیگ(ن) کے چوہدری ندیم خادم کو قرار دے دیاجبکہ ندیم خادم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے ریلی کا راستہ چھوڑ کر میرے گھر پر دھاوا بولا، اس دوران جہانگیر نامی شخص نے فائرنگ کی جس پرگارڈز نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا،تحقیقات کا حکم،آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی، تین ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز جہلم کے نواحی علاقے گرمالہ سے تحریک انصاف کی ریلی جہلم جلسہ گاہ میں آرہی تھی کہ ریلی پر فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کردیاگیا۔ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر پنڈی ریفر کردیاگیا۔وزیراعلی شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔آر پی او راولپنڈی کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،پولیس اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی پر فائرنگ ن لیگ کے سابق ایم پی اے ندیم خادم نے کرائی،فائرنگ کا واقعہ جہلم میں جلسہ ناکام بنانے کی کوشش ہے۔ن لیگ کے عہدیدار بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیری مزاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے۔ حکومت ہار مان چکی ہے اور تشدد پھیلارہی ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ریلی پر فائرنگ ن لیگ کے سابق ایم پی اے ندیم خادم کے گھر سے کی گئی۔واقعہ تحریک انصاف کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔پنجاب حکومت خوف زدہ ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔تحریک انصاف کے مقامی رہنماافضل بنڈی نے الزام لگایا کہ فائرنگ کے واقعے میں چوہدری ندیم خادم ملوث ہیں۔ ان ہی کے ایما پر تحریک انصاف کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔دریں اثناءمسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے ندیم خادم نے کہا ہے کہ ہم نے فائرنگ نہیں کی ، تحریک انصاف والوں نے میرے گھر آکر فائرنگ کی میرا ایک گھر جہلم شہر میں اور دوسرا گاﺅں میں ہے ۔ تحریک انصاف کی ریلی نے مقررہ راستے سے ہٹ کرمیرے گھر پر دھاوا بولا اور فائرنگ کی ۔فائرنگ تحریک انصاف کے کارکن جہانگیر نے کی ہے جس سے میرے کزن کے گھر کو نقصان پہنچا ہے۔میرے گارڈز نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی ہے۔میں نے واقعہ کے متعلق پولیس کو آگاہ کیا ہے ۔ ریلی میں جتنے بھی لوگ آئے ان کا میرے گاﺅں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا کوئی آدمی زخمی نہیںہوا مجھے پتہ ہے کہ تحریک انصاف کے 8 آدمی زخمی ہیں۔ انہوں نے ہمیں مارنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اللہ کی ذات نے ہمیں بچایا ہے۔ پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت سے میرے رابطے تھے ہم نے ان کے ساتھ کمٹمنٹ کی تھی کہ میرا جہلم والا گھر بند رہے گا مین روڈ پر گجر ہاﺅس بھی بند کردیا۔ ان مذاکرات کے ساتھ میں اور میر ے کزن گھر پر تھے۔ انہوں نے کہا مجھے جو حکم وزیراعلیٰ پنجاب دیں گے میں اس کا پابند ہیں۔ پرچہ درج کروانا میرے حق ہے کیونکہ میرے گھر پر انہوں نے فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث تین ملزمان گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیاگیاہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔