دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں اسلام اور پاکستان دشمن طاقتوں سمیت بھارتی تنظیمیں ملوث ہیں، حافظ عبدالوحید
لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعت اہلحدیث پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستانی میں جاری دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں اسلام اور پاکستان دشمن طاقتوں سمیت بھارتی تنظیمیں ملوث ہیں،سیاسی و عسکری قیادت جلد سے جلد گھناﺅنے واقعات میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہدروپڑی نے قاری فیض کے ہمراہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور دہشتگردی کے واقعات کےخلاف کارروائی میں عدم دلچسپی کے باعث مجرموں کے حوصلے بڑھے اور ملک میں بڑے پیمانے پر معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جانوں سے خونی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ میاں نواز شریف وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل اور دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اقدامات کو ترجیح دیں اور ہنگامی بنیادوں پر عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کریں۔ دریں اثناءانہوں نے کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلائے جانے کے دل سوز واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے۔ قانون ہاتھوں میں لینے کی بجائے بے حرمی کے مرتکب ہونے والوں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جانا بہتر ہے۔