عمران سیلاب متاثرین کی امدادتو کیا، ایک لفظ بھی ہمدردی کا نہیں بولے،عرفان دولتانہ
لاہور(پ ر)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عمران خان سیلاب متاثرین کی امدادتوکیا کرتے وہ ایک لفظ بھی ہمدردی کا نہیں بولے۔روز جلسے کرنے ان گنت رقم ضائع کرنے کے بجائے وہ سیلاب متاثرین کی خدمت کیوں نہیں کرتے۔پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ 16۔اضلاع میں متاثرین کو ان کے نقصانات پر مالی امداد کی شفاف انداز میں فراہمی کے لئے انسانی طور پر ممکن تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں جس کے لئے ضلعی انتظامیہ کے سروے کی دیگر مختلف اداروں سے تصدیق کا بھی طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے تاہم اگر کوئی حقدار کسی وجہ سے فہرست میں شامل نہیں ہوسکا تو اس کی مکمل داد رسی کی جائے گی۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اعلی کردار اور اچھی شہرت کے حامل ریٹائر افسران پر مشتمل تحصیل اور ضلع کی سطح پر مانیٹرنگ اور دادرسی کمیٹیاں کام کررہی ہیں، خدمت کے اس عمل میں متاثرین سیلاب کی عزت و نفس اور وقار کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے اور انہیں تقسیم مرکز پر لانے اور چھوڑنے کے لئے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت کے علاوہ تقسیم مراکز پر انہیں عزت و احترام سے بٹھانے ‘ پانی ‘ چائے ‘ بسکٹ اور کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے۔